لاہور۔21مارچ (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے”ڈیجیٹل یوتھ ہب” کا باضابطہ افتتاح کر دیا، اس موقع پر "ڈیجیٹل یوتھ انٹرن شپ پروگرام” کے تھیم کا بھی اجرا کیا گیا،اس موقع پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن فہد شہباز بھی موجود تھے۔اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کا عملی مظہر ہے، جس کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع تک براہ راست رسائی فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ڈیجیٹل یوتھ ہب ایک جدید، مصنوعی ذہانت پر مبنی ون ونڈو پلیٹ فارم ہے جو پاکستان بھر کے نوجوانوں کو تعلیمی وظائف، ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت، کیریئر گائیڈنس، روزگار، انٹرن شپس، اسٹارٹ اپ سپورٹ اور سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام وزیراعظم محمد شہباز شریف کے اس وژن کی تکمیل کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے، جس کے تحت نوجوانوں کو قومی ترقی کے عمل میں فعال شراکت دار بنایا جا رہا ہے۔
چیئرمین پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام نے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کی فلاح و بہبود، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور معاشی خودمختاری کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ ڈیجیٹل یوتھ ہب اس ضمن میں ایک انقلابی قدم ہے جو نہ صرف شہری بلکہ دیہی علاقوں کے نوجوانوں کے لئے بھی یکساں مواقع پیدا کرے گا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب کے ذریعے نوجوانوں کو مقامی و بین الاقوامی اسکالرشپس اور گرانٹس فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ کوئی بھی نوجوان وسائل کی کمی کی وجہ سے اعلی تعلیم سے محروم نہ رہ سکے۔
مزید یہ کہ کیریئر گائیڈنس اور جاب پورٹل کے ذریعے ملکی و غیر ملکی ملازمتوں اور انٹرن شپس تک آسان، شفاف اور براہ راست رسائی فراہم کی جائے گی۔ نوجوانوں کو عالمی معیار کی ڈیجیٹل مہارتیں فراہم کرنے کے لئے آن لائن تربیتی کورسز اور سرٹیفیکیشن پروگرامز بھی اس پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گے تاکہ وہ فری لانسنگ، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ کاروباری ذہن رکھنے والے نوجوانوں کے لیے اسٹارٹ اپس کی رہنمائی، مالی معاونت اور سرمایہ کاری کے مواقع بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔
حکومت کی جانب سے بلاسود قرضوں کی سہولت کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں سے روابط قائم کرنے میں بھی مدد فراہم کی جائے گی تاکہ نوجوان خودمختار معاشی اکائیوں کے طور پر ابھریں اور ملک میں روزگار کے مزید مواقع پیدا کریں۔چیئرمین پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام نے کہا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب پاکستان کا پہلا اور دنیا کا منفرد ڈیٹا پورٹل ہے جو مصنوعی ذہانت کی مدد سے نوجوانوں کی قابلیت اور دلچسپی کے مطابق تعلیم، ہنر اور روزگار کے بہترین مواقع تجویز کرے گا۔
یہ پورٹل نوجوانوں کو ملکی اور عالمی لیبر مارکیٹ سے جوڑے گا اور انہیں ترقی کے سفر میں ہم قدم بنائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکال کر معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے اور معیشت کے تمام اہم شعبے ترقی کی جانب گامزن ہیں۔ تاہم، ملک دشمن عناصر دہشت گردی کے ذریعے ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں جنہیں ناکام بنایا جائے گا۔
رانا مشہود احمد خان نے اعلان کیا کہ 24 مارچ 2025 کو وزیراعظم محمد شہباز شریف ڈیجیٹل یوتھ ہب کو باقاعدہ لانچ کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پورٹل کا بیٹا ورژن فعال کر دیا گیا ہے اور آئندہ ماہ اس کا مکمل آغاز کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا ہدف 15 لاکھ نوجوانوں کو بین الاقوامی لیبر مارکیٹ میں بھیجنا ہے، تاہم جون 2025 تک ابتدائی مرحلے میں 10 لاکھ نوجوانوں کو ورک پرمٹس فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک جانے والے ان نوجوانوں کو حکومت پاکستان 10 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کرے گی تاکہ وہ اپنے اخراجات پورے کر سکیں۔
چیئرمین پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام نے کہا کہ پرائیویٹ اور پبلک سیکٹر کے اشتراک سے 30 ہزار انٹرن شپ مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں، جن میں بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے خصوصی طور پر 3 ہزار انٹرن شپ مختص کی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سالانہ لیبر سروے کا انعقاد بھی کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کی ضروریات اور رجحانات کو مد نظر رکھ کر پالیسی سازی کی جا سکے۔
رانا مشہود نے مزید کہا کہ پاکستان کی تمام سفارتخانے، بینک، صوبے، جامعات، کالجز اور اسکولز اس نظام سے منسلک کیے جا رہے ہیں تاکہ وائٹ کالر، بلیو کالر اور گرے کالر ملازمتوں کے مواقع تک نوجوانوں کو مکمل رہنمائی فراہم کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب تعلیم، روزگار، صحت اور معیشت کے شعبوں میں ون ونڈو آپریشن کی طرز پر سہولیات فراہم کرے گا۔ یہ پلیٹ فارم مکمل شفافیت اور میرٹ پر مبنی ہے، تاکہ ہر نوجوان بلا تفریق ان مواقع سے فائدہ اٹھا سکے۔پریس کانفرنس کے اختتام پر رانا مشہود احمد خان نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ڈیجیٹل یوتھ ہب پلیٹ فارم سے بھرپور استفادہ کریں اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں فعال کردار ادا کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=574959