
کوئٹہ۔10اگست ( اے پی پی )وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے چمن بم دھماکے کی مذمت کی ہے،وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کی بذدلانہ کارروائی میں قیمتی جانی نقصان پر دلی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر اپنے مزموم مقاصد کے حصول کے لیے چمن کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں،پاک افغان بارڈر پر باڑ کی تنصیب کا منصوبہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کی راہ میں رکاوٹ ہے،باڑ کی تنصیب سے دہشت گردی اور غیر قانونی نقل و حمل کا خاتمہ ہو گااور سرحدی علاقوں سمیت صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئے گی،وزیراعلیٰ بلوچستان نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پختہ عزم کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ عوام کے تعاون سے چمن سمیت تمام علاقوں میں بھرپور امن کے قیام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا،چمن کے پر امن اور محب وطن عوام کے جان و مال اور روز گار کا تحفظ اولین ترجیح ہے، انہوں نے شہداءکے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی بہترین سہولیات کی ہدایت کی۔