کوئٹہ۔ 06 مارچ (اے پی پی):وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے جمعرات کو یہاں کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز ریجنل آفس کوئٹہ کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عائشہ صدیقہ (صدارتی تمغہ امتیاز)کی سربراہی میں خواتین ڈاکٹرز کے وفد نے ملاقات کی جس میں صوبے میں صحت کے شعبے کی بہتری اور طبی تعلیم کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی بھی موجود تھیں۔
پروفیسر ڈاکٹر عائشہ صدیقہ نے وزیر اعلی کو بلوچستان میں صحت کے شعبے کو درپیش چیلنجز اور ان کے حل کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے صوبے میں طبی تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور جدید اسپتالوں کی تعمیر کی ضرورت پر زور دیا تاکہ عوام کو معیاری علاج اور صحت کی سہولتیں میسر آسکیں۔
وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ملاقات کے دوران صحت کے شعبے میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا اور یقین دہانی کرائی کہ حکومت بلوچستان صحت کے نظام کو مستحکم بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا پروفیسر ڈاکٹر عائشہ صدیقہ نے وزیر اعلی کے عزم کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ صوبے میں طبی تعلیم کے فروغ اور اسپتالوں کی بہتری کے لیے جلد عملی اقدامات کیے جائیں گے، جس سے صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری آئے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=569757