وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا یکم مئی پر مزدوروں کے عالمی دن کے حوالے سے پیغام

53

کوئٹہ۔30اپریل (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے یکم مئی پر مزدوروں کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن 1886 کے شہدائے شکاگو کی کوششوں اور جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنے کا ہے اس دن کو منانے کا مقصد مزدوروں کے لئے حق کی آواز بلند کرنا ہے مزدور کسی بھی معاشرے اور ملک کی مجموعی معاشی اور اقتصادی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں

۔ انہوں نے کہا کہ جن ممالک نے صنعت کے میدان میں خاطر خواہ ترقی کی ان کی اس ترقی میں انکے مزدوروں کے تعمیری کردار کو یقینا نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ہمیں بھی ہنر مند ہیومن ریسورس اور بھرپور افرادی قوت ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔

جو مزدور کسی فنی مہارت سے آشنا ہوتے ہیں وہ معاشرے کی تعمیروترقی کا جزو لازم بن جاتے ہیں انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نہ صرف مزدوروں کے حقوق کی موثر ادائیگی میں کوشاں ہے بلکہ محنت کشوں کا استحصال کرنے والوں کو کٹہرے میں بھی لائے گی اور تمام محنت کشوں کے لیے یکساں مواقع اور ضروریات کی فراہمی کو ممکن بنائے گی رنگ و نسل کو بنیاد بنا کر کسی بھی تفریق کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی

انہوں نے کہا کہ حکومت تکنیکی تعلیم کی اہمیت سے بھی واقف ہے صوبہ بھر کے پولی ٹیکنیک اداروں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے جہاں جدید دنیا کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نوجوانوں کو اعلی فنی مہارت سے آشنا کر کے ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھار نا ہے کیونکہ دنیا میں تکنیکی مہارت سے آراستہ افرادی قوت کی طلب بہت زیادہ ہے وزیر اعلی نے کہا کہ صوبائی حکومت ایسی لیبر پالیسی پر یقین رکھتی ہے جس میں تمام مزدوروں اور محنت کشوں کے جائز حقوق کا تحفظ یقینی ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ ایک فعال،مثبت اور تعمیری معاشرے کی تشکیل کے لئے ضروری ہے کہ تمام انسانوں کے لئے یکساں ضروریات زندگی دستیاب ہو ں تاکہ معاشرے میں تخریبی سوچ پروان نہ چڑھ سکے۔