وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہان کے انتقال پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار

66

کوئٹہ۔13مئی (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہان کے انتقال پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ اپنے جاری کردہ بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ یو اے ای کے عوام اور سوگوار خاندان سے تعزیت اور اظہار ہمدردی ہے ۔مرحوم کا شمار عالم اسلام کے سرکردہ رہنماؤں میں ہوتا تھا۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ مرحوم جدید متحدہ عرب امارات کی ترقی کے معمار تھے ، ان کے دور حکومت میں یو اے ای نے مثالی ترقی کی۔مرحوم پاکستان کے حقیقی دوست اور خیر خواہ تھے۔انہوں نے کہا کہ شیخ خلیفہ بن زید النہان کے دور حکومت میں یو اے ای اور پاکستان کے درمیان تعلقات مزید مضبوط و مستحکم ہوئے ، مرحوم نے ہمیشہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں بھرپور معاونت کی، کوئٹہ میں تعمیر ہونے والا شیخ خلیفہ بن زید النہان ہسپتال برائے امراض قلب بلوچستان کے عوام کے لیے مرحوم کی جانب سے عظیم تحفہ ہے۔

وزیراعلئ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ مرحوم کی وفات سے عالم اسلام ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گیا ہے۔عالم اسلام کے لیےمرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، غم کی اس گھڑی میں بلوچستان کے عوام یو اے ای کے عوام کے ساتھ ہیں۔دعا ہے کہ اللہ تعالئ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے۔