وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت محکمہ صحت کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس

103
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی پیپلز پارٹی انٹرا پارٹی انتخابات میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت تمام عہدیداران کومبارکباد

کوئٹہ۔ 27 نومبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محکمہ صحت کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ محکمہ صحت میرٹ اور شفافیت پر تعیناتیوں کے عمل کو مکمل کرے ،انہوں نے واضح کیا کہ خلاف میرٹ بھرتی کرنے اور بھرتی ہونے والے افراد کے خلاف کارروائی ہوگی ،وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جامع اصلاحات کے نتائج نظر آنے چاہیے ،صحت اور تعلیم کے مسائل کا حل نکل آئے تو عوام کے 80 فیصد مسائل حل ہو جائیں گے ،

انہوں نے صوبے میں سروس ڈلیوری کے نظام پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں ڈھائی لاکھ سرکاری ملازمین ہیں لیکن عوام تک خدمات کی فراہمی کا نظام ابھی تک پوری طرح سے موثر نہیں ہے ،صحت کے شعبے کے لیے مختص وسائل کا فائدہ عام آدمی کو ملنا چاہیے ،انہوں نے احکامات صادر کئے کہ اصلاحات کی آڑ میں آنے والے مافیا کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ،اصلاحات پر جنہیں تحفظات ہیں ان کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں آئیں ہم سے بات چیت کریں۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کی آڑ میں مفاد عامہ کے امور میں رکاوٹیں ناقابل برداشت ہیں ،صوبائی حکومت کی ترجیح روز اول سے ہی عوامی فلاح و بہبود ہے جس کے لیے وہ بھرپور انداز سے درست سمت میں گامزن ہے ۔اجلاس میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکرٹری صحت مجیب الرحمٰن ، ڈائریکٹر اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز بلوچستان ڈاکٹر امین خان مندوخیل سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔