وزیراعلیٰ بلوچستان کی قلات میں دہشت گردی کی شدید مذمت، ہمارے بہادر جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر مادر وطن کا دفاع کیا ، میر سرفراز بگٹی

57
دہشتگردی میں ملوث ایک ٹولہ بھارتی ایماء پر بلوچستان کو غیرمستحکم کرنے کے درپے ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان کا گرینڈ جرگے سے خطاب

کوئٹہ۔ 01 فروری (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلات اور ہرنائی میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے قلات کے علاقے منگچر میں دہشت گردی کے حالیہ واقعے کی شدید مذمت کی ہے ۔ یہاں جاری ایک بیان میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر ردعمل دیتے ہوئے ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 23 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا جو سکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ وارانہ کارکردگی کا مظہر ہے ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر مادر وطن کا دفاع کیا ، ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔

میر سرفراز بگٹی نے شہداء کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی ،حکومت شہداء کے بچوں اور لواحقین کی کفالت کرے گی ۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ ہرنائی، قلات اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں سکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن پوری قوت سے جاری ہے اور جب تک آخری دہشت گرد کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا یہ کارروائیاں جاری رہیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے کوئی جگہ نہیں، دشمن قوتیں بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں مگر ہماری بہادر فورسز اور عوام ان کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گےاور ہم کسی بھی قیمت پر دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کی سرزمین کو دہشت گردوں کے وجود سے مکمل پاک کر کے اسے ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔