پشاور۔20مارچ (اے پی پی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع اجمل خان وزیرنے کہا ہے کہ ضم شدہ اضلاع کی ترقی وفلاح و بہبودکیلئے تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں اوراس حوالے سے تمام فیصلے باہمی افہمام وتفہیم سے کئے جائیں گے۔ بدھ کو پشاورمیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخاں نے ضم شدہ اضلاع کی محرومیوں کے ازالے اورترقی کیلئے ڈویلپمنٹ اینڈ ریڈرسل کے نام سے سینیٹر اورممبران قومی اسمبلی پر مشتمل ایک مشاورتی کمیٹی قائم کی تھی اور اس ضمن میں محمودخان کی زیرصدارت بدھ کو کمیٹی کا دوسرا اجلاس پشاورمیں منعقد ہواجس میں سنیٹرحاجی مومن جان آفریدی، ہدایت اللہ خان، مرزامحمدآفریدی، سجادحسین طوری، شمیم آفریدی ، ایم این اے گل ظفرخان، محمداقبال خان آفریدی، منیرخان اورکزئی ، ساجدحسین طوری، جوادحسین اورمفتی عبدالشکور نے شرکت کی۔ انہوںنے کہاکہ کمیٹی میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے شامل ہیں اورآج کے اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیاگیاکہ ضم شدہ اضلاع کی ترقی کیلئے تمام فیصلے باہمی افہام وتفہیم سے کئے جائیں گے، ہم چاہتے ہیں کہ پختون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم )کے ساتھ تمام امور مذاکرات کے ذریعے حل ہوں اس لئے اجلاس میں پی ٹی ایم کومذاکرات کیلئے دعوت دینے کا فیصلہ کیاگیا۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ہم ضم شدہ اضلاع کی 70سالہ محرومیوں کاازالہ کرناچاہتے ہیں اور پی ٹی آئی حکومت کی یہ پالیسی ہے کہ ہم نے سب کوساتھ لے کرچلنا ہے تاکہ ضم شدہ اضلاع کے عوام کے درینہ مسائل حل ہوسکیں۔ انہوںنے کہاکہ کمیٹی کی طرف سے پی ٹی ایم کومذاکرات کیلئے باضابطہ دعوت نامہ بھیجا جا رہا ہے جس پر کمیٹی کے تمام ارکان نے دستخط کئے ہیں، ضم شدہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ نے متفقہ طور پرفیصلہ کیا ہے کہ پی ٹی ایم کی اجتماعی قیادت کے ساتھ بیٹھ کر پختونوں کے تمام مسائل جرگہ کے ذریعے حل کئے جائیں ۔ انہوںنے کہاکہ 26 مارچ کی صبح 11بجے سول آفیسر پشاورمیں جرگہ کا اہتمام کیا جا رہا ہے اور پی ٹی ایم کی جملہ قیادت کوجرگہ میں شرکت کی دعوت دی جارہی ہے تاکہ پرامن طریقے سے پختونوں کے اجتماعی وانفرادی مسائل کے دیرپا حل تک پہنچا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ کہ انہیں امید ہے کہ پختون عوام کے مفاد میں صوبائی حکومت اورکمیٹی کی دعوت قبول کرتے ہوئے پی ٹی ایم کی جملہ قیادت جرگہ میں شرکت کریگی تاکہ محروم علاقوں میں ترقی کا سفرشروع ہو۔ جے یوآئی (ف)کے ایم این اے منیر اورکزئی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی ایم کی قیادت کومیڈیا کے ذریعے جرگہ میں شرکت کی دعوت دی جارہی ہے ان کو فون پر اورخود مل کر بھی دعوت دی جائیگی، وہ ہمارے بھائی ہیں اوریہ ہم سب کے مشترکہ مسائل ہیں جبکہ پختون عوام کے تمام مسائل مل بیٹھ کر افہام وتفہیم سے حل کئے جائیں گے۔ پی پی پی کے ایم این اے ساجد حسین طوری نے کہاکہ ضم شدہ اضلاع میں قیام امن ہماری پہلی ترجیح تھی اور اب امن قائم ہوکر وہاں پرترقی کا سفر شروع ہو رہا ہے، حکومت ان علاقوں کی ترقی کیلئے سنجیدہ ہے لہٰذا مسائل کاحل مذاکرات کے ذریعے چاہتے ہیں۔