وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر زاہد چن زیب کی مزاحیہ فنکار میراوس کی عیادت

107

پشاور۔ 24 فروری (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ و عجائب گھر زاہد چن زیب پشتو کے معروف مزاحیہ فنکار“میراوس”کی عیادت کیلئے ہسپتال پہنچے۔ انہوں نے میراوس کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔اس موقع پر مشیر ثقافت زاہد چن زیب نے میراوس کی مالی معاونت کیلئے پانچ لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت خیبرپختونخوا فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی اور میراوس کی فیملی کو ہر قسم کی مدد فراہم کی جائے گی۔زاہد چن زیب نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے فنکار ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی ہدایت پر بہت جلد فنکاروں کے لیے انڈونمنٹ فنڈ کا آغاز کیا جائے گا تاکہ صوبے کے فنکاروں کو مستقل اور پائیدار مالی مدد فراہم کی جا سکے۔خیبرپختونخوا حکومت اپنے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے گی تاکہ صوبے کے فنکار معاشی مشکلات کا شکار نہ ہوں اور اپنے فن کو مزید فروغ دے سکیں۔