پشاور۔ 02 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلات، ماحولیات، جنگلی حیات و موسمیاتی تبدیلی پیر مصور خان نے ناواگئی باجوڑ میں اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی پر ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے دھماکے کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیلدار سمیت دیگر اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں پیر مصور خان نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے میں شہید ہونے والے افسران اور پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، اسلام سمیت کوئی بھی مذہب اس طرح کی کارروائیوں کی اجازت نہیں دیتا۔معاون خصوصی نے شہداء کے بلند درجات اور زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔