پشاور۔ 16 دسمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے آرمی پبلک سکول پشاور کے دلخراش واقعہ کو ملکی تاریخ کا نہایت اندوہناک سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول کا یہ سانحہ ناقابل فراموش ہے جس نے ہر ایک آنکھ کو اشکبار کیا، اس اندوہناک سانحے نے ملک میں دیر پا امن کی بنیاد رکھی ، پوری قوم، حکومت اور اداروں کو مشترکہ دشمن کے خلاف متحد کر دیا۔
شہدائے اے پی ایس کا غم آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہے اور ہمیشہ زندہ رہے گا۔ 16 دسمبر کو آرمی پبلک سکول پشاور کے دلخراش سانحہ کی دسویں برسی کے موقع پر یہاں سے جاری اپنے ببیان میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ آج کا دن ہمیں اس المیہ کی یاد دلاتا ہے جب انسانیت کے دشمنوں نے ننھے اور معصوم طالب علموں کو بے دردی سے قتل کیا۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اس المناک واقعہ کے بعد پوری قوم اور ادارے دہشت گردی کے ناسور کو معاشرے سے ختم کرنے کیلئے متحد ہوئے ، حکومتی ، سیاسی اور عسکری قیادت نے مل بیٹھ کر اتفاق رائے سے نیشنل ایکشن پلان بنایا جو پرامن پاکستان کی طرف درست اور بروقت اقدام ثابت ہوا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ 16 دسمبر کا دن متاثرہ والدین کیلئے نہایت کرب کا دن ہے کیونکہ اس دن ان کے جگرگوشے ہمیشہ کے لئے ا ±ن سے جدا ہو گئے مگر ا نہوں نے قربانی کی ایک ایسی داستان رقم کی جو کبھی فراموش نہیں کی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت، صوبے کے عوام اور پوری قوم شہدائے اے پی ایس کے خاندانوں کے عزم و حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے انتہائی صبروتحمل اور استقامت سے اپنے جگر گوشوں کی جدائی برداشت کی ہے۔