پشاور۔ 04 اگست (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے ضلع کرک میں سیلابی ریلوں میں بہہ کر چار افراد کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے جاں بحق افراد کے ورثا کے لئے مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو اس سلسلے میں ضروری کارورائی عمل میں لانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن معاونت کرے گی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ہدایت کی کہ ضلع میں سیلاب سے پیدا شدہ صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ ہائی الرٹ رہے، ضلعی انتظامیہ سیلاب متاثرین کو فوری ریلیف کی فراہمی کے لئے ضروری اقدامات کرے، سیلابی ریلوں کی وجہ سے متاثرہ سڑکوں اور دیگر انفراسٹرکچرز کی بحالی کے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=490551