پشاور۔28جون (اے پی پی)صوبائی کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ خیبر پختونخوامحمود خان کی زیر صدارت جمعہ کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔اجلاس میں کابینہ ممبر ان کے علاوہ چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری اورمتعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی۔اجلاس میں پانچ نکاتی ایجنڈے پر تفصیلی غور و خوض کے بعدمتعدد اہم فیصلے کئے گئے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ مہنگائی کی مصنوعی لہر کو کنٹرول کرنے کیلئے مناسب اقدامات اٹھائیں خصوصاً ڈپٹی کمشنر ز اپنے اپنے متعلقہ اضلاع میں روزانہ کی بنیادوں پر پرائس چیکنگ کو یقینی بنائیں۔اجلاس میں مشترکہ مالی ذمہ داریوں کے حوالے سے وفاق اور صوبے کے درمیان مفاہمت کی مجوزہ یاداشت پر دستخط کرنے کی منظوری دیدی ۔واضح رہے کہ مفاہمت کی یاداشت دیگر صوبوں کو بھی بجھوائی گئی ہیںجس کا بنیادی مقصد ملک میں معاشی استحکام کے سلسلے میں آمدن کو بڑھانے کیلئے اقدامات کو مربوط کرنا،سماجی شعبوں میں اخراجات بہتر بنانا اور کاروبار میں معاملات کو سہل بنانا ہے ۔