کراچی۔ 11 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر ویرایا کیٹ سومونگسری نے الوداعی ملاقات کی۔صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ناصر حسین شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ اور سیکرٹری ٹو سی ایم زمان ناریجو بھی ملاقات میں شریک تھے۔
وزیراعلیٰ ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق یو ایس ایڈ کی ڈائریکٹر کے ہمراہ امریکی قونصل جنرل اسکاٹ اربم بھی ملاقات میں موجود تھے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ویرایا کیٹ سومونگسری کی پاکستان بالخصوص سندھ میں کی گئی خدمات کو سراہا۔ملاقات میں یو ایس ایڈ اور سندھ حکومت کے اشتراک سے جاری مختلف پروگرامز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹرنل اینڈ چائلڈ ہیلتھ انٹیگریٹڈ پروگرام (ایم سی ایچ آئی پی)پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت اس منصوبے میں اپنے حصے کے فنڈز خرچ کر رہی ہے،میٹرنل اینڈ چائلڈ ہیلتھ انٹیگریٹڈ پروگرام 15 اضلاع میں جاری ہے،اس پروگرام کی بدولت زچہ و بچہ کی اموات کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے صاف پانی،صفائی اور حفظان صحت کے ایک نئے منصوبے کا آغاز کیا جا رہا ہے،سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اس منصوبے سے متاثرین کی بحالی مزید بہتر ہو جائے گی۔ڈائریکٹر ویرایا کیٹ سومونگسری نے سندھ میں کام کرنے کے دوران حکومت سندھ کے تعاون پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا