26.6 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومعلاقائی خبریںوزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا ہائی ویز پر ایمرجنسی ٹراما سنٹرز...

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا ہائی ویز پر ایمرجنسی ٹراما سنٹرز بنانے کا اعلان

- Advertisement -

کراچی۔ 29 جنوری (اے پی پی):وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہائی ویز پر ایمرجنسی ٹراما سنٹرز بنانے کا بڑا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ اگرہائی ویز پر ٹریفک حادثات کے شکار افراد کو فوری طبی امداد مل جائے تو ان کی جان بچائی جا سکتی ہے، اس صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہائی ویز پر ایمرجنسی ٹراما سینٹر زبنا ئے جائیں گے ، یہاں کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے 58 ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں سول ہسپتال میں شہید بےنظیر بھٹو ٹراما سینٹر بنا یا گیا ہے جبکہ سندھ کے دیگر علاقوں میں بھی اس کی اشد ضرورت ہے۔ گزشتہ روز مانجھند کے قریب ٹریفک حاد ثہ میں تین افراد جاں بحق ہوئے جنہیں اگرفوری طبی امداد مل جاتی تو شاید ان کی جان بچائی جا سکتی تھی۔

مراد علی شاہ نے سی پی ایس پی کے صدر پروفیسر شعیب احمد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ میں صرف سات کالجز اور ادارے باضابطہ طور پر اہم طبی دیکھ بھال کے لیے تسلیم شدہ ہیں جبکہ دیگر کو اب بھی منظوری درکار ہے۔انہوں نے سیکرٹری صحت کو ہدایت کی کہ وہ پروفیسر شعیب کے ساتھ مل کر ان کی منظوری کا مسئلہ حل کریں۔وزیراعلیٰ سندھ نے حکومت سندھ کی صحت سہولیات کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) واحد ادارہ ہے جو اس خطے میں سب سے زیادہ تعداد میں پرائمری اینجیوگرافی ایک ہی چھت تلے انجام دے رہا ہے۔

- Advertisement -

این آئی سی وی ڈی کے تحت 24 چیسٹ یونٹس اور 9 سیٹلائٹ سینٹرز کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زندگی اور موت کا اختیار اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے،لیکن ہم نے زندگیاں بچانے کے لیے ایک وسیع صحت عامہ کا نیٹ ورک قائم کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) جدید ریڈیالوجی سہولیات سے آراستہ ہے جس میں تین سائبر نائف مشینیں شامل ہیں یہ دنیا کا واحد مرکز ہے جہاں سائبر نائف علاج مفت فراہم کیا جاتا ہے جبکہ دیگر ممالک میں اس کی لاگت 15 ہزار سے ایک لاکھ ڈالر تک ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے نہ صرف پاکستان بھر سے بلکہ کئی ایسے بیرون ملک مقیم پاکستانی مریضوں کا بھی علاج کیا ہے جو مہنگے علاج کے اخراجات برداشت نہ کر سکنے کی وجہ سے واپس آئے۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہمیں انڈس ہسپتال کا سب سے بڑی شراکت دار ہونے پر فخر ہے۔ ہم نے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعاون کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نجی شعبے کے تعاون سے سندھ حکومت نے سول ہاسپتال میں ڈاکٹر سعد نیاز کی قیادت میں سندھ انسٹی ٹیوٹ آف اینڈوکرائنولوجی اینڈ ڈائیبیٹیز قائم کیا ہے۔ عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ ہم نجی شعبے کے ساتھ مل کر عالمی معیار کی طبی سہولیات مہیا کر رہے ہیں۔مراد علی شاہ نے فارغ التحصیل طبی ماہرین کو مبارکباد دیتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ اپنی مہارت اور علم کو قوم کے دکھوں کا مداوا کرنے کے لیے استعمال کریں مراد علی شاہ نے ایک بار پھر کہا کہ طب کے پیشے کے امین ہونے کے ناطے، فارغ التحصیل طلبہ کو ہمدردی، اخلاقی اقدار اور مریضوں کی خدمت میں اخلاص کو برقرار رکھنا چاہیے۔

وزیر اعلیٰ نے سی پی ایس پی کی ترقی اور کامیابیوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ ادارہ مزید عظمت کی جانب اپنا سفر جاری رکھے گا۔کانووکیشن میں فارغ التحصیل ماہرین کی کامیابیوں پر جشن منایا گیا اور سی پی ایس پی کے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ وہ اعلیٰ مہارت یافتہ اور بااخلاق طبی ماہرین تیار کرتا رہے گا۔ تقریب کا اختتام اس عہد کے ساتھ ہوا کہ اعلیٰ ترین طبی دیکھ بھال اور تعلیم کے معیارات کو برقرار رکھا جائے گا تاکہ قوم کا مستقبل صحت مند اور روشن بنایا جا سکے،تقریب میں سی پی ایس پی کے صدر پروفیسر محمد شعیب شفیع، رائل کالج آف ایڈنبرا کے صدر پروفیسر اینڈریو، بنگلہ دیش کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز کے سربراہ پروفیسر شہیداللہ، پروفیسر خالد مسعود گوندل، سینئر فیکلٹی اور طبی ماہرین نے شرکت کی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=553527

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں