وزیراعلیٰ عثمان بزدارکانارووال کا دورہ،5ارب 12کروڑ روپے کے خصوصی پیکیج کا اعلان

182
وزیراعلیٰ عثمان بزدارکانارووال کا دورہ،5ارب 12کروڑ روپے کے خصوصی پیکیج کا اعلان

لاہور۔24مئی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پیر کو نارووال کا دورہ کیا اور نارووال کے لئے 5 ارب 12 کروڑ روپے کے خصوصی ڈویلپمنٹ پیکیج کااعلان کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ڈپٹی کمشنر آفس نارووال میں نیا پاکستان منزلیں آسان پروگرام کے دوسرے مرحلے کے تحت 3منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا ،

عثمان بزدار نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں قائم کورونا ویکسینیشن سنٹرکا دورہ کیا اور ویکسینیشن سنٹرمیں کورونا ویکسین لگانے کے انتظامات کامعائنہ کیا۔وزیراعلیٰ نے جیل کا بھی دورہ کیا اور قیدیوں کے مسائل سنے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہاکہ نیا پاکستان منزلیں آسان پروگرام کے دوسرے مرحلے کے تحت نارووال میں 17 کلومیٹر طویل 3سڑکوں کی تعمیر وتوسیع پر کام کا آغاز کیاہے ،ان سڑکوں کی تعمیر و توسیع پر 23 کروڑ 13 لاکھ روپے لاگت آئے گی جبکہ 5ارب 12کروڑ روپے سے نارووال میں 39 منصوبوں پر کام شروع ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ظفر وال اور شکر گڑھ میں 84کروڑروپے کی لاگت سے فراہمی و نکاسی آب،ٹف ٹائلیں،پختہ سڑکوں اوردیگر منصوبے مکمل کئے جائیں گے، 33کلومیٹرطویل نارووال، ظفروال روڈ اورسید چراغ شاہ بائی پاس کی تعمیر ایک ارب 70کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوگی،نارووال کے پرائمری اور ایلیمنٹری سکولوں کی اپ گریڈ یشن پر18کروڑ 80 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔

اسی طرح نارووال مریدکے روڈ کی تعمیر و مرمت عوام کا دیرینہ مطالبہ اور اشد ضرورت بھی ہے ، نارووال مریدکے 38کلومیٹر طویل سڑک پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بنائی جائے گی اوراس منصوبے پر 2ارب 40کروڑ روپے لاگت آئے گی، نارووال اور نارنگ منڈی کو لاہور سیالکوٹ موٹروے سے منسلک کیا جائے گا،پنجاب حکومت نے اس منصوبے کو پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کے لئے وفاقی حکومت کو درخواست کی ہے ،یہ منصوبہ 25ارب 34 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا جس سے عوام کو آمدورفت میں بے پناہ سہولت ملے گی۔

وزیراعلیٰ نے بتایاکہ نارووال میں 10ارب 35 کروڑ روپے کے 111 ترقیاتی منصوبے زیرتکمیل ہیں ،روڈ سیکٹر میں شکرگڑھ تا ظفروال، کرتار پور سے دربارصاحب سڑکوں کی تعمیر و توسیع اوربحالی کا کام ایک ارب 16 کروڑ کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا جبکہ نارووال میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور توسیع کے مزید 29منصوبوں پر بھی کام جاری ہے،21 کروڑ 35 لاکھ روپے کی لاگت سے ظفر وال بنیادی مرکز صحت کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی سطح پر اپ گریڈ کیا جا رہاہے اوراس منصوبے کا 80فیصد کام مکمل ہوچکاہے،ظفروال میں 2 کروڑ روپے سے پبلک پارک بنایا جارہاہے جس کا 75 فیصدکام مکمل ہوچکا ہے جبکہ 24 کروڑ روپے سے نارووال،

ظفروال سٹی پیکیج اور مضافات میں نکاسی آب، ٹف ٹائل سمیت 5 منصوبے تیزی سے تکمیل کی راہ پر گامزن ہیں ،نارووال میں ساڑھے 11 کروڑ روپے کی لاگت سے پولیس سٹیشن کی تعمیر جاری ہے،نارووال کے 57 سکولوں میں عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی اور آئی ٹی لیب کے قیام پر 16 کروڑ روپے لاگت آئی ہے،نارووال میں 15 دیہی مرکز مال کے قیام کئے گئے ہیں ، کرتارپور میں ایمرجنسی کیلئے 1122 ریسکیو سروس بھی شرو ع ہو چکی ہے۔اسی طرح لوکل گورنمنٹ اورکمیونٹی ڈویلپمنٹ کے شعبہ میں 50 کروڑروپے کی لاگت سے 17 سکیمیں مکمل کی گئی ہیں اور 31 زیرتکمیل ہیں ،

لوکل گورنمنٹ اورکمیونٹی ڈویلپمنٹ کی مزید 34سکیموں پر کام شروع ہوگا،پنجاب میونسپل سروسز پروگرام کے تحت 15 کروڑ روپے کی 116 سکیمیں مکمل ہوچکی ہیں ،لوکل گورنمنٹ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 35 کروڑ روپے کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔میڈیا سوالوں کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں کوروناویکسین لگانے کاعمل تیز اور ویکسینیشن سنٹرز کی تعداد میں اضافہ کردیاگیاہے جبکہ مزید ویکسینیشن سنٹر قائم کریں گے،

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب کے ہر شہری کو دسمبر تک یونیورسل ہیلتھ کوریج دینے کا اعلان کیا اورکہا کہ رواں برس کے اختتام تک پنجاب کے ہر شہری کے پاس صحت انصاف کارڈ ہوگا او روہ اپنا علاج فری کرا سکے گا،یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام کا افتتاح 26 مئی کو لیہ سے کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کی سہولت کے لئے کسان کارڈ کا بھی اجراکیاگیاہے،پنجاب میں اس مرتبہ گندم کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے اورپنجاب حکومت نے گندم خریداری کے حوالے سے اپنا ٹارگٹ پورا کیاہے،اسی طرح صوبہ بھر میں 27ہزار سکولوں کو اپ گریڈ کیاجارہاہے،

پنجاب نے کورونا کے باعث غیر معمولی صورتحال کے باوجود رواں مالی سال اپنا ٹیکسز کا ہدف حاصل کرلیاہے۔ایک اورسوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں لوکل باڈیز کا نظام جلد لانا چاہتے ہیں، ہماری خواہش ہے کہ بلدیاتی نظام کے ذریعے عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں،ہم نے پورے پنجاب پر فوکس کیا اورہر ضلع کا علیحدہ ترقیاتی پیکیج تیار کیاہے، ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کے ذریعے پنجاب ترقی کے نئے دور میں داخل ہورہاہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے نیا پاکستان منزلیں آسان پروگرام کے دوسرے مرحلے کے تحت 3منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا ،

نارووال کے مضامات میں 17کلو میٹر طویل سڑکیں 23کروڑروپے کی لاگت سے تعمیر کی جائیں گی، شریف چوک تا میدیاں چوک براستہ شاہ پور سوا 5کلو میٹر طویل رابطہ سڑک بنائی جائے گی ،علاقے کے عوام کی سہولت کے لئے شریف چوک تامیداں چوک تک رابطہ سڑک 6 کروڑ74لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہوگی ،گھمرولا تا لیسرکلاں ساڑھے 6کلو میٹر سڑک بنے گی ،عوام کی آمد ورفت میں سہولت کے لئے گھمر والا تا لیسر کلاں سڑک 9کروڑ12لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہوگی،

رابعہ موڑتاجام وال سڑک کی تعمیر و توسیع ہوگی، رابعہ موڑتاجام وال تک 5.1کلو میٹر طویل سوا 7کروڑروپے کی لاگت سے تعمیر ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ کھیت سے منڈی تک سڑکیں بننے سے نہ صرف عوام کو سہولت ہوگی بلکہ کاشتکاروں کو بھی آسانی ہوگی ، اس موقع پروزیراعلیٰ کو سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت نارووال میں جاری منصوبوں پر پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی،