لاہور۔28جنوری (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت ساڑھے 3 گھنٹے طویل مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خصوصی شرکت کی۔
وزیراعلیٰ آفس میں منعقدہ اجلاس میں صوبائی وزرا ء راجہ بشارت،میاں محمود الرشید اورمتعلقہ حکام بھی شریک ہوئے جبکہ وفاقی وزیر مخدوم خسروبختیاراورصوبائی وزیر ہاشم جواں بخت نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں پارٹی اموراوربلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے مختلف آپشنز پر بھی تفصیلی غورکیاگیا۔
اجلاس کے شرکا ء نے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے اپنی آرا ء پیش کیں۔ اجلاس میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کیلئے یکسو ہے، جماعتی بنیادوں پر الیکشن سے حقیقی قیادت نچلی سطح پر سامنے آئے گی اور براہ راست الیکشن سے بلدیات کی سیاست میں حقیقی تبدیلی رونما ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف بلدیاتی الیکشن کے لئے مضبوط امیدوار میدان میں اتارے گی، مشاورت کے ساتھ پارٹی سے مخلص اورمضبوط امیدواروں کا چناؤ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ سے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوسکیں گے۔