لاہور۔15 جون (اے پی پی ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا 30 واں اجلاس منعقد ہوا جس میں نئے مالی سال 2020ـ21کے بجٹ کی تجاویز کی منظوری دی گئی۔ کابینہ اجلاس میں صوبہ پنجاب کے نئے مالی سال 2020ـ21 کی بجٹ تجاویز اتفاق رائے سے منظور کی گئیں۔ مالیاتی بل 2020 کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ضمنی بجٹ مالی سال2019ـ20 کی منظوری دی گئی۔ مالی سال 2019ـ20 کے بجٹ کے نظرثانی شدہ تخمینہ جات کی بھی منظوری دی گئی۔ جنوبی پنجاب کے ترقیاتی فنڈز کو کسی دوسرے منصوبے یا شہر کیلئے استعمال کرنے پر پابندی برقرار رہے گی۔ کابینہ نے نئے مالی سال میں بھی جنوبی پنجاب کے تینوں ڈویژن کے ترقیاتی فنڈز کورنگ فینسنگ کرنے کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ نے نئے مالی سال کا بجٹ مرتب کرنے پر صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ محکموں کے افسران کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری ٹیم نے انتہائی محنت کے ساتھ بجٹ کی تیاری کا مشکل مرحلہ مکمل کیا۔ میں اپنی او رکابینہ کی جانب سے پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ مشکل حالات کے باوجود وزیراعظم عمران خان کے ویڑن کے مطابق بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات تجویز کئے گئے ہیں۔ کورونا وباء کے باعث جس غیر معمولی حالات سے گزررہے ہیں اس تناظر میں یہ انتہائی متوازن اورعوام دوست بجٹ ہے۔ بجٹ میں حقیقت پسندانہ اہداف مقرر کئے گئے ہیں اور صوبے کے عوام کی بنیادی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ترجیحات کا تعین کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ اعدادوشمار کی جادوگری نہیں بلکہ متوازن ترقی پر مبنی حقیقی دستاویزہے۔ اپوزیشن کا کام صرف شور مچانا رہ گیا ہے۔ اپوزیشن نے کورونا وباء کے دوران بھی صرف واویلا کیااورعوام کو تنہا چھوڑے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ اجلاس کے دوران اراکین اسمبلی سے مسلسل رابطہ رہے گا۔ اجلاس میں پنجاب کابینہ کے 29 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 32 ویں، 33 ویں اور 34 ویں اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے لیجسلیٹو بزنس کے 23 ویں، 24 اور 25 ویں اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ سیکرٹری خزانہ نے صوبائی بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے اہم خد و خال کے حوالے سے کابینہ کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں صوبائی وزراء ، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔