وزیراعلیٰ محسن نقوی نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ہمراہ دربار حضرت داتا گنج بخش کے توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

88
مانسہرہ

لاہور۔28جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے کہا ہےکہ وزیراعلیٰ محسن نقوی کوداتا دربار کی توسیعی کا منصوبہ شروع کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، مسجداورغلام گردش کی توسیع کی جارہی ہے،یہ تیسری بڑی توسیع ہوگی، 1999میں محمد نوازشریف کے دور میں توسیع ہوئی تھی۔اس توسیعی منصوبے کا ثواب ہمیشہ ملتا رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے ہمراہ حضرت داتا گنج بخش کے دربار کے توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کیا۔محسن نقوی اوراسحاق ڈار نے نذرانہ آن لائن ایپ اور غلام گردش کے توسیعی منصوبے کا بھی آغاز کیا۔nazranaonline.punjab.gov.pkکے ذریعے داتا گنج بخش کے عقیدت مند دنیا میں کسی بھی جگہ سے نذرانہ پیش کرسکیں گے۔ اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ نذرانہ آن لائن کے ذریعے بیرون ملک بیٹھ کر لنگر بھی تقسیم کرایا جاسکے گا۔

وزیراعلیٰ اور وفاقی وزیرخزانہ کوبریفنگ میں بتایا گیا کہ نذرانہ آن لائن کے ذریعے صفائی،سکیورٹی اورخادمین کو بھی نذرانہ دیا جاسکے گا۔نذرانہ آن لائن کے ذریعے 24گھنٹے مزار کے اندرونی حصے کی زیارت بھی کی جاسکے گی۔نذرانہ آن لائن کے ذریعے لنگر تقسیم کروانے اورچادر چڑھانے والے لائیو بھی دیکھ سکیں گے۔توسیعی منصوبے کے تحت نیالنگر خانہ اورکمرشل کچن بھی بنایا جائے گا۔ایڈمن بلاک،ایگزیکٹو وی آئی پی لاونج،ڈائننگ ہال اورگارڈن بھی بنائے جائیں گے۔داتا گنج بخش کمپلیکس میں لائبریری اورمیوزیم بھی بنائے جائیں گے۔گولڈن گیٹ کے سامنے17کنال اراضی حاصل کر کے کمپلیکس کو توسیع دی جائے گی۔

نگران وزیراعلی محسن نقوی اور وفاقی وزیر اسحاق ڈارنے بعدازاں میڈیا سے گفتگوکی۔وفاقی وزیر اسحاق ڈار نے نگراں وزیراعلی محسن نقوی کوداتا دربارکے توسیعی پراجیکٹ کے آغاز پر مبارکبادپیش کی اوراسے تیسری بڑی توسیع قراردیا۔محسن نقوی نے کہاکہ نذرانہ آن لائن ایپ کے آغاز سے اندرون اوربیرون ملک مقیم زائرین کو سہولت ملے گی۔ nazranaonline.punjab.gov.pk جمعہ سے باقاعدہ شروع ہوجائے گی۔صوبائی وزیر اوقاف اظفر علی ناصر،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،سیکرٹری اوقاف،سیکرٹری اطلاعات،کمشنر لاہورڈویژن،سی سی پی او لاہور،چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ،ڈی جی پی آر،ڈپٹی کمشنر اورمتعلقہ حکا م بھی اس موقع پرموجود تھے۔