وزیراعلیٰ محسن نقوی کارات گئے نشترہسپتال کادورہ،ایم ایس تبدیل ، ٹھیکیدار کے خلاف مقدمہ کی ہدایت

130

ملتان۔ 12 ستمبر (اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ملتان میں سوموارکورات گئے اپنی کابینہ کے ہمراہ نشترہسپتال ملتان کا دورہ کیا۔ہسپتال میں ادویات تھیں نہ انجکشن اورسرنجیں ،مریضوں اورتیمارداروں نے طبی سہولتوں کے فقدان پر شکایات کے انبار لگا دیئے۔نشترہسپتال کے کئی وارڈز میں اے سی بندتھے، پارکنگ میں اوور چارجنگ کی شکایات کی گئیں۔اس صورتحال پرنگران وزیر اعلی محسن نقوی نے شدید برہمی کااظہارکرتے ہوئے ایم ایس رائو ا مجدکوفوری طورپرتبدیل کردیا۔ٹیسٹ باہر سے کرانے کی شکایات اور مریضوں سے غلط بیانی پر لیب انچارج کے خلاف بھی کارروائی کی گئی اورپارکنگ اوور چارجنگ پر ٹھیکیدار کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیدیا ۔وزیراعلی محسن نقوی نے ایمرجنسی، لیبارٹری، سرجیکل، نیورو،میڈیکل، فارمیسی، آئی وارڈ اوردیگر شعبوں کا معائنہ کیا ۔ مریضوں اورتیمارداروں سے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس ہسپتال کی صورتحال میں بہتری نہیں آئی، ادویات کا نہ ملنا اور ٹیسٹ باہرسے کرانے کاکوئی جوازنہیں میں ہسپتالوں کوبہتربنانےکے لئے دورے کرتا رہوں گا۔