وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت ہائوسنگ سوسائٹیز بارے اجلاس، کمرشل ورہائشی علاقوں کے کلر وڈیزائن کی تجویز کا جائزہ

78

لاہور۔29جنوری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہائوسنگ سوسائٹیز کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں کمرشل اور رہائشی علاقوں کے الگ الگ یکساں کلر اور ڈیزائن کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ترجمان کے مطابق ہائوسنگ سوسائٹیز میں گھروں کو ماحول دوست،واک ایبل اور جدید تقاضوں کے مطابق بنانے کی سفارشات پر غورکیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے ہائوسنگ سیکٹر کی زیر التوا درخواستوں کو فوری طور پر نمٹانے کا حکم دیا۔ مریم نواز نے لاہور ڈویلپمنٹ پلان پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر تفصیلی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔اجلاس میں غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیزکے سدباب کے لئے پنجاب سپیشل پلاننگ اتھارٹی قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا،کمرشل،رہائشی اور زرعی زمینوں کی زوننگ کی جائے گی، پی ایس پی اے ڈسٹرکٹ لینڈ یوز پلان اور زوننگ کرے گی،ڈسٹرکٹ لینڈ یوز پلان اور زوننگ کو ہر چار سال میں ریویو کیا جائے گا۔

اجلاس میں ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ سپیشل پلاننگ کمیٹی کے قیام پر اتفاق کیا گیا، ڈپٹی کمشنر متعلقہ ڈسٹرکٹ سپیشل کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، واپڈا،سوئی گیس،واسا سمیت سروسز فراہم کرنے والے دیگر اداروں کے نمائندے بھی ڈسٹرکٹ سپیشل کمیٹی میں شامل ہوں گے، زمینوں کے اراضی کے غیر قانونی استعمال کو روکنے کے لئے وائلیشن ٹریکنگ میکنزم بھی دیا جائے گا اور ڈسٹرکٹ ڈیجیٹل وال کے ذریعے اراضی کے غلط استعمال کی نشاندہی ہو گی، ڈیجیٹل ڈیٹا کی بنیاد پردرخواستوں کی فاسٹ ٹریک پر منظوری کا فیصلہ بھی کیا جا سکے گا۔

وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ٹائون پلاننگ مستحکم مستقبل کی ضمانت ہوتی ہے،ناقص حکمت عملی کی وجہ سے اربن ایریاز میں بے ہنگم غیرقانونی ہائوسنگ سوسائٹیاں بن رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پلان میں ای ٹینڈرنگ کی وجہ سے کروڑوں روپے کی بچت ممکن ہوئی،اس موقع پرلاہور ڈویلپمنٹ پلان کے فیز ون کے تحت 414سکیموں پر پیش رفت کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔