لاہور۔28مئی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یوم تکبیر پر پاکستانی قوم اورامت مسلمہ کو مبارکباددی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ 27سال گزر گئے مگرآج بھی پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند ہے اور ہمیشہ سربلند رہے گا۔ دشمن پاکستان کی سرزمین کی طرف میلی نظر سے دیکھنے کی جرات نہیں کرسکتا۔پاکستان کا ایٹمی قوت بننا پوری امت مسلمہ کا فخر ہے۔
انہوں نے کہاکہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے پاکستان کوپوری دنیا میں پہلی مسلمان ایٹمی قوت بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔10مئی کی فتح کی بنیاد 28مئی 1998 ءکو رکھی گئی۔28مئی کو چاغی کے پہاڑوں میں لگائے نعرہ تکبیر کی گونج آج بھی وطن عزیز کی فضاؤں میں موجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ قوم آج بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمدنوازشریف کی ممنون ہے۔ دشمن کو جب بھی منہ توڑ جواب ملا تب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت تھی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایٹمی دھماکے پرامن اورمحفوظ پاکستان کی ضمانت ہیں۔