
لاہور۔17 فروری(اے پی پی ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے یہاں وزیر اعلیٰ آفس میں بلوچستان کے وزیر صنعت و تجارت محمد خان نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میرے دل کے بہت قریب ہے اور بلوچستان میں بسنے والے میرے بھائی ہیں۔ ہماری خوشیاں اور دکھ سانجھے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں پنجاب اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ بلوچستان کو ماضی میں نظرانداز کیا گیا لیکن تحریک انصاف کی حکومت بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے پرعزم ہے۔ نئے پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ عام آدمی کو پاکستان میں وہی سہولتیں دیں گے جو امیر کو ملتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے مل کرنیا پاکستان بناناہے اور نئے پاکستان میں بلوچستان کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں کارڈیالوجی سینٹر بنانے میں تعاون کریں گے اورپاکستان کی ترقی اورخوشحالی کیلئے مل کر آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کے درمیان یکجہتی، ہم آہنگی او ربھائی چارے کو فروغ دیا جائے گا کیونکہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے ملکر کام کرنے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔