وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی فارمرز کیلئے جاری سکیم کے تحت لائیوسٹاک کارڈ کی تقسیم جاری ہے، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک سمبڑیال

112

سمبڑیال۔ 16 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک سمبڑیال احسن تصورچیمہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی فارمرز کیلئے جاری سکیم کے تحت لائیوسٹاک کارڈ کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل سمبڑیال میں کارڈز تقسیم کرتے ہوئے فارمرز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ فارمرز کیلئے حکومت پنجاب کی طرف سے سمبڑیال میں لائیوسٹاک کارڈز کی تقسیم کا عمل جاری ہے جن سے فارمرز کو جانوروں کیلئے بروقت بلا سود قرض لینے کی آسانی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے فارمرز کو ابھی تک تقریباً 37کارڈ تقسیم کردیے ہیں باقی ابھی کارڈ بن کر آرہے ہیں جیسے جیسے کارڈ آئیں گے ہم تقسیم کرتے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ پراجیکٹ وزیر اعلی پنجاب کا ایک انقلابی قدم ہے جس سے کسانوں اور مویشی پال حضرات میں خوشحالی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے بلا سود قرضے کی فراہمی کی ہے،بلا سود قرضوں سے مویشی پال اپنے جانوروں کے لیے خوراک اور ونڈا خرید سکیں گے اور اپنے جانوروں کو فربہ بنا سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ مویشی پال حضرات اس پراجیکٹ میں سے فائدہ اٹھائیں ،اپنے جانوروں کو اچھی خوراک دیں اور ان کی رہائش کا اچھا بندوبست کریں۔