وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس،عید الاضحی کے انتظامات وسکیورٹی امور کا جائزہ

227
Chief Minister of Punjab
Chief Minister of Punjab

لاہور۔16جون (اے پی پی):عید الاضحی پر جانوروں کی آلائشیں نہروں اورنالوں وغیرہ میں پھینکنے پردفعہ 144کے تحت پابندی عائد کر دی گئی ، جانوروں کے سر ی پائے بھوننے کے غیر قانونی کارروبار پر بھی دفعہ 144کے تحت پابندی لگا دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں عید الاضحی کے انتظامات اور سکیورٹی امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی نے صوبائی،ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل لیول پر کنٹرول رومز مزید فعال کرنے کاحکم دیا۔

بریفنگ میں بتایاگیا کہ لاہور میں عملہ خود گھر گھر جاکر بائیوڈی گریڈ ایبل بیگ میں بند جانوروں کی آلائشیں اٹھائے گا،قربانی کے بعدشہر بھر کی سڑکو ں کو دھویا اورچونا ڈالا جائے گا ، سپرے بھی ہوگا، ڈرین اورمین ہول وغیرہ کو آلائشیں ڈالنے سے محفوظ رکھا جائے، پنجاب بھر میں 294 مقامات پر جانوروں کے لئے سیل پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔

اجلاس میں 2600مساجد اور 900عید گاہوں پر سکیورٹی کے انتظامات پر رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیر اعلی مریم نواز نے سکیورٹی انتظامات کے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کاحکم دیا اور عید گاہو ں میں گرمی کے پیش نظر مسٹ فین اور پنکھے لگانے کی ہدایت کی، نگرانی کے لئے کیمرے اورچیکنگ کے لئے واک تھرو گیٹس نصب ہوں گے۔وزیر اعلی نے پارکس میں نصب بچوں کے لئے جھولوں اور سلائیڈز کی انسپکشن کا حکم بھی دیا اور کہاکہ پارکوں میں نصب جھولوں کی باقاعدہ چیکنگ کی اور حفاظتی معیار یقینی بنایا جائے،

جہاں اندیشہ ہو سکیورٹی بڑھائیں اورعوام کے جان ومال کے تحفظ کوہر صورت یقینی بنائیں،کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے، لائوڈ سپیکر کے غیر قانونی استعمال اور اسلحہ نمائش پر پابندی یقینی بنائی جائے۔ مریم نواز نے کہا کہ مویشی منڈیوں، بازاروں اورمارکیٹوں کی سکیورٹی کے لئے فول پروف انتظامات کئے جائیں،مویشی منڈیو ں میں صفائی، شیڈ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سپرے کیا جائے۔

اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید، سینئر منسٹر مریم اورنگز یب،صوبائی وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری،صوبائی وزیر قانون صہیب احمد بھرت،معاونین خصوصی راشد نصر اللہ، ذیشان ملک، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، انسپکٹرجنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، سیکرٹریز اوردیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی جبکہ تمام کمشنرز اورڈپٹی کمشنر ز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔