بھکر۔ 13 فروری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ محترمہ مریم نواز شریف کا ” پنجاب دھی رانی پروگرام ”ریاست مدینہ کے فلاحی اقدامات کا ایک عملی نمونہ ہے،پنجاب کی بیٹی نے حقیقی معنوں میں عملی خدمت کرکے پنجاب کے لوگوں کا دل جیت لیا ہے۔ آج 75 خوش قسمت جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے لوگوں کی والہانہ محبت و عقیدت اس بات کی دلیل ہے کہ واقعی ریاست نے ایک ماں کا کردار ادا کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر سماجی بہبود وبیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ نے اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اجتماعی شادیوں کی یہ پروقار تقریب نجی شادی ہال میں منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ تھے۔تقریب میں ارکان پارلیمنٹ ایم پی اے احمد نواز خان نوانی ،ایم پی اے عامر عنایت خان شہانی،ڈپٹی کمشنر محمد اشرف،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شہزاد رفیق اعوان ،ضلعی صدر مسلم لیگ ن عبد المجید خان خنانخیل،
شعیب رشید خان نوانی،ڈویژنل ڈائر یکٹر سماجی بہبود شاکرہ نورین،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ملک مشتاق حسین،اسسٹنٹ کمشنرز خضر رزاق منج ،ملک محمد اشرف ،محبوب اقبال ہنجرا ،ملک محمد اشرف ،اسامہ امانت سمیت سیاسی و سماجی شخصیات اور میڈیا نمائندگان نےکثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ نے نوبیا ہتا جوڑوں کو مبارکباد پیش کی اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔