سیالکوٹ۔18فروری (اے پی پی):اراکین صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ اور فیصل اکرام چودھری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی تمام تر توجہ نوجوانوں کی تربیت اور تعلیم پر مرکوز ہے اور اس سلسلہ میں حکومت پنجاب تمام تر وسائل مہیا کررہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام کے ہمراہ پسرور روڈ پر واقع نواز شریف ہاکی اسٹیڈیم ، سپورٹس کمپلیکس کے معائنہ کے دوران کیا۔ رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ کھیلتا پنجاب پروگرام وزیر اعلیٰ کا نوجوان کھلاڑیوں اور ایتھلیٹ کیلئے تحفہ ہے،انہوں نے سپورٹس کمپلیکس ، ہاکی اسٹیڈیم اور فٹبال گراؤنڈ کی بحالی کے لئے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے مقامی حکام کو مسنگ سہولیات کی رپورٹ بنانے کی ہدایت کی تاکہ وزیر اعلیٰ سے منصوبے کی تکمیل کیلئے مطلوبہ فنڈز کا مطالبہ کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف ہاکی اسٹیڈیم میں نئی آسٹرو ٹف ڈالی جارہی ہے جبکہ فٹبال گراؤنڈ اور فلڈ لائٹس کی تنصیب کے منصوبے کو بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس کمپلیکس کے تمام شعبہ جات کو مکمل فعال بنایا جائے گا اور اس ضمن میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر افتخار گوندل اورعدنان اکبر بھی اس موقع پر انکے ہمراہ تھے۔