لاہور۔22مارچ (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت پیر کے روز اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے امور کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں کورونا ویکسین لگانے کے عمل پر ہونے والی پیش رفت پر بھی غور کیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب کے ہر شہری کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس دیں گے،دسمبر2021 تک یونیورسل ہیلتھ کوریج کا ہدف حاصل کریں گے،یونیورسل ہیلتھ انشورنس تحریک انصاف کی حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے،پہلے مرحلے میں ساہیوال اورڈیرہ غازی خان ڈویڑن کے لوگوں کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس فراہم کی جائیگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں ہیلتھ کیئر کے حوالے سے ایسا بہترین پروگرام کسی حکومت نے نہیں دیا،یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام سے شہریو ں کو معیاری علاج معالجہ کی سہولتیں بالکل مفت میسر آئیں گی اورعوام کو ان کی دہلیز پرمعیاری علاج معالجہ فراہم کریں گے-وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے پنجاب ہیلتھ انییشیٹو مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسینیشن سینٹرز پربزرگ شہریوں کیلئے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہیلتھ ورکرز کے ساتھ بزرگ شہریوں کو بھی کوروناویکسین لگانے کا عمل مزید تیز کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وزرا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں ویکسینیشن سینٹرز کا وزٹ کریں اور سہولتوں کا جائزہ لیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کورونا کی صورتحال خطرناک ہے،ہم سب پرفرض ہے کہ زیادہ سے زیادہ احتیاط کریں۔انہوں نے کہا کہ کورونا کا پھیلاو ¿ روکنے کیلئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے،عوام کی زندگیاں بچانے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھائیں گے۔ وزیراعلیٰ کو یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان،چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئراینڈ میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ،سیکرٹری خزانہ، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔