لاہور۔6جولائی (اے پی پی):سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے پرامن، منظم اور مثالی انعقاد کا مرحلہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی نگرانی میں کامیابی سے مکمل ہو گیا۔ مختلف اضلاع میں عزاداری کے جلوس اختتام پذیر ہوگئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مثالی انتظامات پر وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق سمیت متعلقہ وزرا، ضلعی انتظامیہ، پولیس، رینجرز، انٹیلی جنس اداروں اور دیگر تمام متعلقہ ٹیموں کو شاباش دی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ نہ صرف بہترین بلکہ پرامن ترین محرم الحرام منعقد ہوا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے سیکرٹری داخلہ پنجاب، متعلقہ وزارتوں کے تمام سیکرٹریز، پی ٹی اے، انٹیلی جنس ایجنسیز، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، رینجرز اور دیگر اداروں کے افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا،ساتھ ہی امن کمیٹیوں، علما کرام اور عزادارانِ حسین کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے محرم الحرام کے پرامن انعقاد میں بھرپور تعاون کیا۔
وزیراعلی پنجاب کی خصوصی ہدایت پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے خواجہ سلمان رفیق، بلال یاسین اور مجتبیٰ شجاع الرحمن کے ہمراہ جلوس کے راستوں کا معائنہ کیا۔ سینئر وزیر نے محکمہ داخلہ پنجاب میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا۔سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے بتایا کہ محرم کے دوران صوبہ بھر میں 7500 کیمروں کے ذریعے جلوسوں اور مجالس کی لائیو مانیٹرنگ کی گئی۔ پولیس کے ایک لاکھ 13 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات رہے۔
محکمہ داخلہ کے سائبر پٹرولنگ سیل نے سوشل میڈیا پر نفرت انگیزی اور اشتعال پھیلانے والے 1600 سے زائد اکاونٹس کی نشاندہی کی، جن میں سے 170 افراد کو گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔ریئل ٹائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے تحت جلوسوں اور مجالس کی موثر نگرانی عمل میں لائی گئی۔
عوامی سہولت کے پیشِ نظر جلوس کے راستوں کی صفائی، جراثیم کش ادویات کا اسپرے، پانی کا چھڑکاؤ، موبائل ٹوائلٹس، صاف پانی کی فراہمی اور ریسکیو سروسز کی مکمل دستیابی کو یقینی بنایا گیاتھا۔ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے واپڈا اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مربوط پلان مرتب کیا گیا۔
صوبہ بھر میں پولیس، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو، صحت اور صفائی کے تمام محکمے الرٹ اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ متحرک رہے۔سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بتایا کہ الحمدللہ تمام اضلاع میں جلوس کے راستوں کی بروقت مرمت کی گئی، سایہ دار جگہیں، سبیلیں اور عارضی طبی مراکز قائم کیے گئے اور عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی گئیں۔