وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی میڈیا سے گفتگو

156
وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی میڈیا سے گفتگو
وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد۔5مارچ (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جب جب مخالفین نے عمران خان کو ٹف ٹائم دینے کی کوشش کی کپتان ڈٹ کر پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ سامنے آیا اور میدان مارا، پیسے کے زور پر سینیٹ کی ایک سیٹ جیتنے والا کرپٹ ٹولہ تحریک عدم اعتماد سے وزیراعظم کو بلیک میل کرنا چاہتا تھا، کپتان نے حقیقی جمہوری روایات کی پاسداری کرتے ہوئے خود اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا، ہوس اقتدار سے آزاد، سچا، نڈر اور بہادر لیڈر روایتی کرپٹ سیاستدانوں کو کسی طور قبول نہیں لیکن تحریک انصاف وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں خدمت کے مقصد کے ساتھ اپنا مشن جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو اور اپنے ٹویٹر پیغام میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور تمام ادارے ہمارے لئے محترم ہیں لیکن اگر کوئی ادارہ آئین کے دائرہ میں رہتے ہوئے اپنے فرائض کی مکمل ادائیگی میں ہچکچاہٹ برتے تو بطور ذمہ دار ریاست اور شہری اس کی نشاندہی ہمارا فرض ہے، عام الیکشن ہو یا سینیٹ انتخابات آخر کیا وجہ ہے کہ الیکشن کمیشن آج تک کوئی ایسا نظام نہیں بنا سکا جو تمام جماعتوں کیلئے قابل قبول ہو؟ تحریک انصاف حکومت اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، انشاء اﷲ انتخابی عمل سے متعلق ریفارمز بھی کی جائیں گی تاکہ آئندہ کسی بھی جماعت یا امیدوار کو الیکشن کمیشن پر انگلی اٹھانے کا موقع نہ ملے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پنجاب کے حوالہ سے سیاسی بلونگڑے نے وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا بیان دیا ہے، پیپلز پارٹی حالیہ سینٹ الیکشن میں سوائے سندھ کے کسی صوبے سے سیٹ حاصل نہ کر سکی، پیپلز پارٹی محض ایک ریجنل پارٹی بن گئی ہے، اس ریجنل پارٹی نے نوٹوں کی چمک اور سیاسی کھلواڑ کرکے لوگوں کے ضمیروں کا سودا کیا ہے، نوٹوں کی سیاست پیپلز پارٹی کا تعارف اور شناخت نہیں تھی، پیپلز پارٹی نے جس جمہوریت کا لبادہ اوڑھا تھا وہ گیلانی کے الیکشن نے اتار کر ان کا حقیقی چہرہ بے نقاب کر دیا ہے، جمہوریت اور جمہوری اقدار کی پامالی پیپلز پارٹی کا نمبر ون ٹارگٹ رہا ہے، حالیہ سینیٹ الیکشن ان کی سیاہ کاری کی زندہ مثال ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ بلاول اگر پنجاب میں آنا چاہتے ہیں تو شوق سے آئیں، پیپلز پارٹی کا اس طرح سیاسی مقابلہ کریں گے کہ جو چند سیٹیں ان کی پنجاب میں ہیں وہ بھی ختم ہو جائیں گی، پیپلز پارٹی اب صرف نوٹ کی سیاست کر سکتی ہے ووٹ کی سیاست نہیں کر سکتی، مسلم لیگ (ن) کے کندھوں پر بیٹھ کر بڑھکیں مارنا دیوانے کے خواب ہیں، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ایوان کی اکثریت نے چنا ہے، اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر اپوزیشن کی اس سازش کا بھی مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم انشاء اﷲ واضح اکثریت سے اعتماد کا ووٹ لیں گے، وزیراعظم نے کریز سے باہر نکل کر اعتماد کا ووٹ لینے کا اعلان کرکے چھکا مارا جس نے اپوزیشن کے چھکے چھڑا دیئے ہیں، انشاء اﷲ آج جمہوریت کا ایک نیا سورج طلوع ہو گا، وزیراعظم کی قیادت میں جمہوری اقدار کی پاسداری کرتے ہوئے ہم جمہوری سفر کی طرف رواں دواں ہوں گے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ جعلی راجکماری آزاد کشمیر الیکشن پر بولنے سے پہلے سابق صدر، وزیراعظم آزاد کشمیر سردار سکندر حیات کا انٹرویو سنتی تو اچھا تھا، بقول سردار سکندر حیات نواز شریف اتنا کنجوس ہے کہ اپنی جیب سے پکوڑے بھی نہیں خریدتا، جو ملنے آئے اس کی گھڑی تک اتار لیتا ہے، جعلی راجکماری سردار سکندر سے ہتھیائی گاڑی واپس کرے یا تردید کرے۔