ملتان ۔ 26 اگست (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تاریخی اقدام اٹھاتے ہوئے ’’دھی رانی پروگرام‘‘ کا دائرہ کار پنجاب کی جیلوں میں قید افراد کی بیٹیوں تک بڑھا دیا ہے۔ یہ فیصلہ قیدیوں کی اپیل کے بعد کیا گیا جنہوں نے اپنی بیٹیوں کی شادیوں میں مدد کے لیے درخواست دی تھی۔ یہ پروگرام قیدیوں کی معصوم بیٹیوں کے لیے امید کی نئی کرن ثابت ہوگا۔ سیکرٹری سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب جاوید اختر محمود نے تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز کو قیدیوں کا ڈیٹا جمع کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
ان ہدایات پر فوری عمل کرتے ہوئے ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ملتان میڈم ام فروہ ہمدانی نے ڈی آئی جی جیل خانہ جات ملتان اور ڈویژن کی تمام جیلوں کے سپرنٹنڈنٹس سے رابطہ کر کے ڈیٹا اکٹھا کیا۔ محکمہ سوشل ویلفیئر کی ٹیم نے جیلوں کے اندر جا کر قیدیوں کی رجسٹریشن کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔ملتان ڈویژن پورے پنجاب میں پہلا ڈویژن ہے جس نے سیکرٹری کی ہدایات پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے قیدیوں کا ڈیٹا مکمل کر لیا۔ اب تک ملتان ڈویژن سے 124 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔