
لاہور۔19 مارچ(اے پی پی )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیرصدارت کورونا وائرس سے نمٹنے سے متعلق قائم کابینہ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کے روز وزیراعلیٰ آفس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے کئے جانے والے حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔صوبائی سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور ضروری ساز و سامان کی دستیابی اور خریداری کے بارے میں بریفنگ دی۔صوبائی وزراءڈاکٹر یاسمین راشد،میاں اسلم اقبال، ہاشم جواں بخت، فیاض الحسن چوہان، رکن صوبائی اسمبلی مسرت جمشید چیمہ، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، کمشنر لاہور ڈویژن، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، ڈی جی پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ماسک اور سینی ٹائزر ذخیرہ کرنے والے مافیا کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاو¿ن کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانون کے مطابق بلاتفریق ایکشن لیا جائے۔عوام کو ماسک اور سینی ٹائزر کی مقررہ قیمت پر دستیابی یقینی بنائی جائے۔ماسک اور سینی ٹائزرکے حوالے سے عوام کو شکایت نہیں ہونی چاہیئے۔عوام کو لوٹنے والے مافیا کی جگہ جیل ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے 5 ارب روپے کے خصوصی فنڈ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے محکمہ صحت کو پہلے 23 کروڑ 60 لاکھ روپے جاری کئے اوربعد میں ایک ارب روپے کے وسائل مختص کئے۔کورونا وائرس کی روک تھام اور عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے مزید وسائل بھی دیں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تشخیصی کٹس جلد منگوانے کیلئے ہر ممکن اقدام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تشخیصی کٹس کی کمی نہیں ہونی چاہیئے۔صوبائی ایپکس کمیٹی میں کئے گئے فیصلوں پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔عوام کی زندگیاں محفوظ کرنے کیلئے مزید اقدامات جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت تفتان میں اپنے وسائل سے قرنطینہ مرکز قائم کرنا چاہتی ہے۔متعلقہ محکمے اور ادارے بلوچستان حکومت کے ساتھ رابطے میں رہ کر مزید اقدامات کریں۔ اجلاس میں شاپنگ مالز اور ریسٹورنٹس کو رات 7 یا رات 8 بجے بند کرنے کی تجویزپر غورکیاگیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ متعلقہ کمیٹیاں تجویز کا جائزہ لے کر جلدحتمی سفارشات پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ غیر معمولی حالات میں پی ڈی ایم اے کا کردار لیڈنگ حیثیت کا حامل ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے خود فیلڈ میں جا کر صورتحال کا جائزہ لیں۔وزیراعلیٰ، وزیر صحت اور دیگر حکام دورے کر رہے ہیں تو پی ڈی ایم اے کیا کر رہا ہے؟ ڈی جی پی ڈی ایم اے اضلاع کے دوروں کی رپورٹ روزانہ وزیراعلیٰ آفس پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں اپنے صوبے کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ گھروں میں سیلف آئسولیشن کے اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔سیلف آئسولیشن کے بارے میں عوام کو بھرپور آگاہی دی جائے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ایران سے آنے والے زائرین کے ٹیسٹ کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کی روشنی میں حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈیلی ویجز ملازمین کی مالی مشکلات کا اندازہ ہے۔پنجاب حکومت نے اس ضمن میں کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو جلد اپنی سفارشات پیش کرے گی۔اجلاس میں گھروں میں بھی شادی کی تقریبات بند کرنے کی تجویزپرغورکیاگیا۔انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاتر میں عملے کی تعداد میں بہت کمی کردی گئی ہے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل سٹاف کیلئے حفاظتی لباس اور دیگر ساز و سامان کی خریداری کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت اس ضمن میں کابینہ کمیٹی کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرے۔