کوئٹہ۔ 19 مئی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آواران کے علاقے گِشکور اور تربت شہر میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ یہاں جاری ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے جس پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور بروقت ردعمل کا مظاہرہ کیا وہ قابلِ فخر ہے ،انہوں نے کہا کہ دشمن عناصر بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوششوں میں مصروف ہیں
لیکن ہماری بہادر فورسز ان کے ہر ناپاک منصوبے کو خاک میں ملا رہی ہیں ،آواران اور تربت میں دہشتگردوں کے خلاف حالیہ کارروائی اسی عزم کی عملی مثال ہے ،وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں چلنے والے دہشتگرد گروہوں کی موجودگی اور ان کی کارروائیاں خطے کے امن کیلئے خطرہ ہیں تاہم ریاستی ادارے ہمہ وقت چوکنا اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے تیار ہیں ،میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں قیامِ امن کے لیے سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام مل کر کام کر رہے ہیں اور انشا اللہ امن، استحکام اور ترقی کا یہ سفر ہر قیمت پر جاری رہے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599081