پشاور۔ 03 ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور سےصوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخرجہان نے وزیر اعلی ہاؤس پشاور میں ملاقات کی، ملاقات کے دوران انھیں سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے فلڈ ریلیف چیریٹی میچ میں جمع ہونے والی رقم کے سلسلے میں مبلغ 1 کروڑ 75 لاکھ روپے کا چیک حوالے کیا۔مذکورہ رقم پی ڈی ایم اے کے تحت فلڈ ریلیف کیلئے خیبر بنک کے بنائے گئے اکاؤنٹ میں جمع کی جائے گی جو صوبے کے سیلاب متاثرین کی بحالی پر خرچ ہوگی ۔
اس موقع پر سیکرٹری کھیل و امور نوجوانان سعادت حسن اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ عمران خان کرکٹ سٹیڈیم پشاور میں حال ہی میں پشاور زلمی اور لیجنڈز الیون کے مابین کھیلے گئے فلڈ ریلیف چیریٹی میچ میں جنرل ٹکٹس سے ڈیڑھ کروڑ روپے،وی آئی پی ٹکٹس سے 10 لاکھ روپے اور وی وی آئی پی ٹکٹس سے 15 لاکھ روپے حاصل ہوئے ہیں جو مجموعی طور پر ایک کروڑ اور 75 لاکھ روپے بنتے ہیں۔