پشاور۔19 مارچ (اے پی پی)وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے گزشہ روزڈی آئی خان کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے کرونا کے مریضوں کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ اقدامات اور انتظامات پر ضلعی انتظامیہ اور دیگر محکموں کی وزیراعلی کو خصوصی بریفنگ بھی دی گئی ۔دورے کے موقع پرچیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز ، سیکرٹری ریلیف اور دیگر سرکاری حکام بھی وزیراعلی کے ہمراہ تھے۔وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے گومل میڈیکل کالج میں کورونا کے مشتبہ مریضوں کےلئے قائم قرنطینہ مرکز کا بھی دورہ کیا۔ اقدامات اور انتظامات پر ضلعی انتظامیہ اور دیگر محکموں کی جانب سے وزیراعلی کو خصوصی بریفنگ میں بتایا گیا کہ مرکز میں 250سے زائد مشتبہ مریضوں کو رکھنے کا انتظام کیا گیا ہے، مرکز میں مشتبہ مریضوں کے ضروری ابتدائی ٹیسٹس کے سارے انتظامات کر لئے گئے ہیں، مرکز میں سینٹیشن پروٹوکولز اور ایس او پیز پر عملدرآمد کا خاص اہتمام موجود ہے، مرکز میں ہر مشتبہ مریض کےلئے الگ کمرہ مختص کیا گیا ہے،مرکز میں ہر تین مریضوں کےلئے ایک واش روم کا انتظام کیا گیا ہے،قرنطینہ مرکز میں ڈاکٹر سے لیکر عملہ صفائی تک تمام درکار عملہ تعینات کر دیا گیا ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ مفتی محمود ہسپتال کورونا کے مریضوں کےلئے 225 ائیسولیٹیڈ بستر مختص کئے گئے ہیں ،وزیر اعلی محمود خان کا قرنطینہ مرکز میں کئے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار، انتظامیہ کے کام کی تعریف ۔وزیر اعلی محمود خان نے کہا کہ مرکز میں کورونا کے مشتبہ مریضوں کےلئے معیاری خوراک اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے،مرکز میں تعینات عملہ اصل ہیرو ہیں جو اس جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں ،،حکومت کورونا کے معاملے میں بہت سنجیدہ ہے عوام سے اپیل ہے کہ وہ بھی سنجیدگی دکھائے اور غیر ضروری نقل و حمل سے گریز کریں، اللہ تعالی کے فضل اور عوام کے فضل و کرم سے اس وبا پر قابو پائیں گے۔