پشاور۔ 03 مارچ (اے پی پی):وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے صوبے میں حالیہ بارشوں اور برفباری سے حادثات میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10, 10 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کردیا جبکہ شدید زخمیوں کو تین، تین لاکھ اور معمولی زخمیوں کو 50، 50 ہزار روپے دئے جائیں گے۔
وزیراعلی ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور برفباری کے متاثرین کےلئے معاوضوں کا اعلان کردیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے سیکرٹری ریلیف سے رابطہ کرکے متاثرین اور نقصانات کی رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے.
وزیراعلی نے ہدایت کی ہے کہ صوبہ بھر میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلات اکھٹی کی جائیں. وزیراعلی نے اعلان کیا کہ حادثات میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10, 10 لاکھ روپے کے امدادی چیک دیئے جائیں گے، شدید زخمیوں کو تین، تین لاکھ جبکہ معمولی زخمیوں کو 50، 50 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔
وزیراعلی نے کہا ہے کہ ان حادثات میں مالی نقصانات کے لئے بھی معاوضے دیئے جائیں گے. وزیر اعلی نے متعلقہ ڈویژنل کمشنرز سے بھی رابطہ کیا اور متاثرین کو فوری ریلیف کی فراہمی کےلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی نے ہدایت کی کہ ان حادثات کی وجہ منہدم ہونے والے گھروں کے مالکان کو عارضی رہائش گاہ، خوراک اور دیگر ضروریات کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جائیں.
ان حادثات کے زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے، بارشوں اور برفباری کی وجہ سے بند ہونے والی سڑکوں کی بحالی کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں، اس مقصد کےلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں. وزیراعلی نے ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلئے تمام تیاریاں مکمل رکھی جائیں،مصیبت کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت متاثرین کے ساتھ ہے،
متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی. وزیراعلی نے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔