کراچی۔ 03 مارچ (اے پی پی):وزیر اعلی سندھ اور وزیراعلی بلوچستان نے بہت جلد دونوں صوبوں کی سرحدوں پر قانون شکنوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے،اسمگلنگ اور ڈرگ مافیا کے خلاف بھی مشترکہ اقدامات کرنے پر اتفاق کیاہے۔
ترجمان وزیراعلی سندھ کے مطابق یہ اتفاق پاکستان پیپلز پارٹی کے نومنتخب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور نومنتخب وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے درمیان وزیراعلیٰ ہائوس میں ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔ملاقات میں وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کے ساتھ تین بلوچستان اسمبلی کے نومنتخب اراکین، علی مدد جتک، ظہور علی بلیدی اور عبداللہ گرگیج شامل تھے جبکہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے ساتھ سید ناصر شاہ، شرجیل میمن، مکیش چاولہ اور ضیاء الحسن لنجار ملاقات میں موجود تھے
، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سرفراز احمد بگٹی کو بلوچستان کا بلامقابلہ وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے گوادر میں فلاحی اقدامات کے حوالے سے اپنے ہم منصب سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم اے سندھ نے گوادر میں سات نکاسی آب کی مشینیں بھیجی ہیں اور پی ڈی ایم اے سندھ اور بلوچستان پی ڈی ایم اے رابطے میں ہے اگر کسی دیگر مشینری کی ضرورت ہوئی تو فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ گوادر میں پانی کی نکاسی اور دیگر بحالی کے اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی کے دونوں وزراء اعلیٰ نے 9 مارچ کو صدارتی انتخابات سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ آصف علی زرداری بھاری اکثریت سے دوبارہ ملک کے صدر منتخب ہوجائیں گے۔
دونوں وزراٸے اعلیٰ نے امن وامان کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے اتفاق کیا کہ بہت جلد دونوں صوبوں کی سرحدوں پر قانون شکنوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور اسمگلنگ اور ڈرگ مافیا کے خلاف بھی مشترکہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔