کراچی۔ 05 جون (اے پی پی):وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے امت مسلمہ کے اتحاد، فلسطین و کشمیر کے مسائل پر پاکستان کا دوٹوک اور مدلل مؤقف پیش کرنے پرپیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ بین الاقوامی میڈیا اور عالمی سفارتی ملاقاتوں کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کے امن، ترقی اور خارجہ پالیسی کا مثبت پہلو اجاگر کیا،بلاول بھٹو زرداری نے عالمی راہنماؤں سے ملاقاتوں میں پاکستان کے معاشی و سیکیورٹی مفادات کا بھرپور دفاع کیا اور عالمی سطح پر پاکستان کا مقدمہ مؤثر انداز میں پیش کیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو نے عالمی فورمز پر پاکستان کا مقدمہ جرأت، حکمت و بصیرت کے ساتھ پیش کیا اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مفادات کا مؤثر انداز میں دفاع کیا۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے دنیا کو باور کرایا کہ پاکستان ایک پُرامن، ترقی پسند اور ذمہ دار ملک ہے،بلاول بھٹو کی متحرک سفارت کاری اور بین الاقوامی امور پر گہری سمجھ بوجھ نے ملک کی ساکھ کو مزید مضبوط کیا ہے،قوم کو ایسے نوجوان اور دوراندیش رہنماؤں پر فخر ہے، امید ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا یہ کردار آئندہ بھی ملکی مفاد میں اہم سنگ میل ثابت ہوتا رہے گا۔