وزیراعلی سندھ کا سینیٹ کی 10 سیٹیں نکالنے کا دعوی ٰہارس ٹریڈنگ کا اعتراف ہے، حلیم عادل شیخ

90

کراچی۔14فروری (اے پی پی):قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا سندھ سے سینیٹ کی 10 سیٹیں نکالنے کا دعوی ، ہارس ٹریڈنگ کا اعتراف ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے سینیٹ انتخابات پر دئے گئے بیان پر ویڈیو پیغام میں اپنا ردعمل دیتے ہوئے کیا ۔ حلیم عادل شیخ نے اعترافی بیان پرسپریم کورٹ سے ان کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔قائد حزب اختلاف نے مزید کہا ہے کہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کو خواب میں چھیچھڑے نظر آرہے ہیں،پچھلے سینیٹ انتخابات میں سندھ کی عوام کا پیسا لٹایا گیاتھا ، پیپلزپارٹی خیبر پختونخوا میں نوٹوں کی گڈیوں سے ووٹ خریدے تھے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہم چاہتے تھے کہ انتخابات اوپن رائے شماری پر کئے جاتے پیپلزپارٹی نے ہمیشہ مخالفت کی ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنماء کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کی غریب عوام کا پیسا یہ لوگ سینیٹ انتخابات پر لگانا چاہتے ہیں۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ الحمد اللہ ہمارے اراکین اور اتحادی سب متحد ہیں ، پیپلزپارٹی کی ہارس ٹریڈنگ نہیں چلے گی۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ میں پیپلزپارٹی کی کرپٹ حکومت کا خاتمہ کرکے عوام کو سرپرائز دیں گے۔