وزیراعلی عثمان بزدار کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس میں پارٹی اموراوربلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا، وفاقی وزرا شفقت محمود اور مخدوم خسرو بختیار کی شرکت

83
وفاقی وزیراقتصادی امورعمرایوب خان سے جاپانی سفیر کی ملاقات

لاہور۔7فروری (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلی آفس میں مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا شفقت محمود اور مخدوم خسرو بختیار نے خصوصی شرکت کی۔

وزیر مملکت محمد شبیر علی قریشی، صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم خواں بخت، عبدالحئی دستی، خرم سہیل خان لغاری، محمد اشرف خان رند، میاں علمدار عباس قریشی اور محمد عون حمید نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں پارٹی اموراوربلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے اپنی آرا پیش کیں۔

وزیراعلی عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشاورت کے ساتھ مضبوط امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔جماعتی بنیادوں پر الیکشن سے حقیقی قیادت نچلی سطح پر سامنے آئے گی اور براہ راست الیکشن سے بلدیات کی سیاست میں حقیقی تبدیلی رونما ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت ہی ہمارا ایجنڈا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہم سب متحد ہیں اور قوم کو وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر غیر متزلزل یقین ہے۔

وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کہ نازک حالات کے باوجود اپوزیشن نے اپنی منفی روش ترک نہیں کی۔ انتشار کی سیاست سے ملک کو کمزور کرنا قومی مفادات کے منافی ہے۔افراتفری کی سیاست کرنے والوں کوہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔