وزیراعلی عثمان بزدار کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت کی شدید مذمت

103
وزیراعلی عثمان بزدار کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت کی شدید مذمت

لاہور۔18نومبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر سمیت4کشمیریوں کو شہید کرکے بھارتی فوج نے سفاکیت کامظاہرہ کیا۔بھارتی فوج کی درندگی کے سامنے انسانیت کا سر شرم سے جھک گیا ہے۔

ایسی درندگی اور بربریت کا کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں دلخراش واقعات عالمی برادری کی آنکھیں کھول دینے کیلئے کافی ہیں۔اقوام عالم کو اس بربریت کا نوٹس لینا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ معصوم لوگوں کی شہادت سے مودی سرکار کی درندگی آشکار ہو گئی ہے۔ بھارت ایک عرصے سے ماورائے عدالت کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے بڑھتے ہوئے مظالم کو روکنے کیلئے اقوام متحدہ کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کو نہتے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم کا حساب دینا ہوگا۔ بھارتی ظلم و ستم پر عالمی برادری کی خاموشی کا کوئی جواز نہیں۔