لاہور۔28نومبر (اے پی پی):وزیراعلی مریم نواز شریف نے پاکستان سٹاک مارکیٹ کے ایک لاکھ پوائنٹس کی تاریخی حد عبور کرنے پر اظہار تشکر کیا ہے۔
جمعرات کے روز جا ری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور انکی معاشی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں،سٹاک مارکیٹ کی بلندی مسلم لیگ ن کے دور میں ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج دنیا کی بیسٹ پرفارمنگ ایکوئٹی مارکیٹ کادرجہ حاصل کر چکی ہے،الحمدللہ پاکستان سٹاک مارکیٹ نے گذشتہ روز نئی تاریخ رقم کی،سٹاک مارکیٹ کی بلندی و تیزی سمیت ہر تاریخی کام اور ہر ریکارڈ مسلم لیگ( ن) کے دور میں ہوتا ہے،
سٹاک مارکیٹ کا یہ ریکارڈ سرمایہ کاروں کے غیرمتزلزل اعتماد، اور حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے ۔مریم نواز شریف نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی مثبت معاشی پالیسیوں کی بدولت ملک ترقی کی جانب گامزن ہے،سٹاک مارکیٹ کا لاکھ پوائنٹ عبور کرنا عالمی سطح پر پاکستان کی معیشت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی قیادت میں ملک نے نہ صرف استحکام حاصل کیا بلکہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے،سرمایہ کاروں کا اعتماد اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔
وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی پالیسیز بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش ثابت ہو رہی ہیں،مسلم لیگ( ن) نے سٹاک مارکیٹ میں سیاسی نعرے نہیں لگوائے بلکہ اعلی پالیسیز سے ایک لاکھ پوائنٹس عبور کرایا ۔