راولپنڈی۔ 08 جولائی (اے پی پی):وزیرعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے راولپنڈی میں نوازشریف فلائی اوور اور جی پی او / ٹی ایم انڈر پاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں اہم اعلانات کیے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب میں پینے کے صاف پانی کے پراجیکٹ شروع کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جنوبی پنجاب اور پوٹھوہار ریجن میں پینے کے صاف پانی کے پراجیکٹس جلد لانے اورپینے کے صاف پانی کے لئے پائپ لائنیں بچھانے کے پراجیکٹ تیارکرنے کا اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مری میں پانی کی فراہمی کا مسئلہ جلد از جلد حل کرنے اور راولپنڈی کے نالہ لئی کی تعمیر و توسیع کے پراجیکٹ کی تیاری کابھی اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے راولپنڈی نواز شریف فلائی اوور اور جی پی او انڈر پاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ کو ریکارڈ ٹائم میں مکمل کریں گے، پنڈی کے تمام سکولوں کی ری ویمپنگ کی جارہی ہے، جلد مکمل کر لی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی شہر کی بیوٹی فکیشن کے پراجیکٹس کی خود مانیٹرنگ کررہی ہوں، مری سے باڑیاں پہنچنے پر پنجاب کی حدود ختم ہوتی ہےتو صفائی اور انفراسٹرکچر کا واضح فرق نظر آتا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ستھرا پنجاب پراجیکٹ کے تحت صوبہ بھر میں صفائی کا اچھاکام ہورہا ہے، نوازشریف فلائی اوور کی تعمیر سے پنڈی سے چکری کے سفر کا دورانیہ ایک گھنٹہ کم ہوجائے گا، راولپنڈی میں روڈز کی تعمیروبحالی کے بیشتر پراجیکٹ مکمل ہوچکے ہیں، پنجاب بھر میں 12ہزار کلو میٹر سے زائد سڑکوں کی تعمیر ومرمت کی مثال قائم کی ہے، چند ہفتوں میں پنجاب بھر میں 19 ہزار کلو میٹر سڑکوں کی تعمیر ومرمت اور بحالی کے پراجیکٹ مکمل ہوجائیں گے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ریکارڈ مدت میں سڑکیں بن رہی ہیں ،30،30 سال سے نہ بننے والی سڑکیں بن چکی ہیں، پنجاب بھر میں 1250 سے زائد مراکز صحت ری ویمپ کرکے منی ہسپتال میں بدل دیا، ریکارڈ ٹائم میں ہسپتالوں کی حالت بدل چکی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ نواز شریف فلائی اوور اور جی پی انڈر پاس کی ریکارڈ ٹائم میں تکمیل پر تعمیرات و مواصلات کی سٹار ٹیم، منسٹر صہیب بھرت اور سیکرٹری سہیل اشرف کو شاباش دیتی ہوں، دو لاکھ گاڑیاں روزانہ گزرنے کایہ منصوبہ سٹیٹ آف دی آرٹ بنایا گیا ہے، جی پی او انڈر پاس پراجیکٹ کو ہر طرح سے فلڈ سیف بنانے پر توجہ دی گئی ہے، پراجیکٹس کی تکمیل میں تعاون پر فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں، پنجاب میں ٹیم ورک ہمارا طرہ امتیاز بن چکا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عاشورہ/ محرم الحرام میں پوری ٹیم نے محنت اورعقیدت سے کام کیا، عوام بالخصوص اہل تشیع برادری نے عاشورہ/ محرم الحرام کے انتظامات کو سراہا،ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کا جذبہ قابل قدر ہے۔