وزیراعلی مریم نواز شریف کے میانوالی میں تین ہسپتالوں کے دورے

202
Maryam Nawaz

لاہور۔8اگست (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے میانوالی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال، ٹراما سینٹر اور جنرل ہسپتال کےدورے کیے۔وزیر اعلی مریم نواز شریف نے میانوالی ڈسٹرکٹ ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا۔ وارڈز سے پہلے ایم ایس آفس اور ایڈمن بلاک کی ری ویمپنگ پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔انہوں نے ایم ایس ہسپتال سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ اچھااور صاف ستھرا ماحول سب سے پہلے مریضوں کا حق ہے ۔ وزیر اعلی مریم نوازشریف نے کنسلٹنٹ ڈاکٹرز کی غیر حاضری کی شکایات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔انہوں نے 2 ماہ قبل ہسپتال کے عملے کی مبینہ غفلت سے لاوارث مریض کی ہلاکت کے بارے میں بھی دریافت کیا۔

وزیراعلی مریم نواز شریف ڈی ایچ کیو ہسپتال سے ٹراما سینٹر پہنچ گئیں۔مریض سے ایکسرے کے پیسے لینے کی شکایت پر فوری رپورٹ طلب کر لی۔انہوں نے انڈر ٹریننگ ڈسپینسرز کی طرف سے وظیفہ دینے کی درخواست پر غور کرنے کا کہا۔وزیراعلی نے ٹراما سینٹر میں پروسیجر روم، مائنر آپریشن تھیٹر، فی میل میڈیکل ایمرجنسی اور پیڈز وارڈ کا بھی معائنہ کیا۔انہوں نے پیڈز ایمرجنسی میں کافی دیر سے علاج کے منتظر بچے کو لے جا کر خود پرچی بنوائی اور علاج شروع کرایا۔

وزیر اعلی مریم نواز شریف نے جنرل ہسپتال کے تمام وارڈز کو ترجیحی بنیادوں پر فنکشنل کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے ڈی ایچ کیو کے فی میل میڈیسن وارڈ اور نرسری کا بھی دورہ کیا۔ معمر مریضہ کی گنگرین ،ڈایا بیٹک فٹ کا فوری علاج شروع کرانے کا حکم دیا۔وزیر اعلی نے ہسپتال کے ویٹنگ روم میں منتظر تیمارداروں سے باری باری علاج کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ مریضوں سے مفت علاج، ادویات اور ٹیسٹ کے بارے میں بھی دریافت کیا۔وزیر اعلی مریم نواز شریف نے ٹراما سینٹر میں مریضوں سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ انتظار تو نہیں کرنا پڑتا۔انہوں نے نرسری میں بچوں سے اظہارِ شفقت اور پیار کیااورمریضوں کو دستیاب سہولتوں کا جائزہ لیا۔وزیر اعلی مریم نواز شریف نے ہسپتال میں موجود طبی آلات کے معیار اور کارکردگی کے بارے میں دریافت کیا۔