وزیراعلی مریم نواز نے صوبہ میں صنعتی فروغ کیلئے پلان طلب کرلیا،پنجاب اکنامک کوریڈور ڈویلپمنٹ اتھارٹی بنانیکا اصولی فیصلہ

148
مریم نواز

لاہور۔22مارچ (اے پی پی):وزیر اعلی ٰپنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صنعتی علاقوں کی میپنگ کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب اکنامک کوریڈور ڈویلپمنٹ اتھارٹی بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلی ٰنے انٹرنیشنل انڈسٹریل ڈیمانڈ کے مطابق میپنگ کرنے کی ہدایت کی اور ٹیوٹا، انڈسٹری، بورڈ آف انویسٹمنٹ، پی ایس آئی سی، اربن یونٹ اور دیگر اداروں کو اشتراک کار کے ساتھ جامع لائحہ عمل مرتب کرنے کا حکم دیا۔اجلاس میں تمام اضلاع کی چھوٹی، میڈیم اور بڑی انڈسٹری کے بارے بریفنگ اور ڈویلپمنٹ کیلئے تجاویز پیش کی گئیں۔

مریم نواز نے جاب سیکٹر میں خواتین ورکرز کا تناسب بڑھانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی،لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، گجرات، ساہیوال، سرگودھا، بہاولپور اور راولپنڈی سمیت ہر ڈویژن کی انڈسٹری کی مکمل میپنگ اور ڈیٹا پیش کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے ہر انڈسٹری میں انوائرمنٹ سیف گارڈ کو لازمی جزو بنانے کی ہدایت کی اور صوبہ میں صنعتوں کے فروغ کیلئے جامع پلان طلب کر لیا۔

مریم نوازنے کہاکہ ایکسپورٹ وری اینٹڈ انڈسٹریز کی ڈویلپمنٹ اور بین الاقوامی مارکیٹ کو مدنظر رکھ کر پلان تیار کیا جائے۔ اجلاس میں افرادی قوت کی ڈویلپمنٹ، جاب ٹریننگ، پروفیشنل اینڈ سکل ڈویلپمنٹ کے لئے منصوبوں کی تجویزپر غورکیاگیا اور وزیرآباد میں کٹلری انسٹیٹیوٹ کی بحالی کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں مصنوعات کی مارکیٹنگ کیلئے شہروں کے قریب انٹرنیشنل بزنس کمپلیکس اینڈ ایکسپو سینٹر بنانے ،انڈسٹریل انفراسٹرکچر کی اپگریڈیشن اور نئے انفراسٹرکچر بنانے کی تجویزپر غور کیا گیا۔اسی طرح صوبہ میں ماربل اور جیم سٹون انڈسٹری کیلئے کٹنگ، سائزنگ وپالشنگ کی سہولت فراہم کرنے کے منصوبے اورسی پیک کے مغربی روٹ کے ساتھ فتح جھنگ کے علاقے میں سپیشل اکنامک زون بنانے کی تجویزپر غور کیاگیا۔

وزیراعلی ٰنے کہاکہ انڈسٹریل کوریڈورز کی ڈویلپمنٹ کے ساتھ، ٹرانسپورٹ اور سڑکیں بہت ضروری ہیں،انڈسٹری کو سہولیات کی فراہمی اور ڈویلپمنٹ سے کثیر زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔ اجلاس میں ڈسٹریبیوشن، پروڈکشن، لاجسٹک اور مارکیٹنگ کیلئے ویلیو چین بیسڈ انفراسٹرکچر کی تشکیل پرگفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ انٹر سٹی سڑکوں، فارم ٹو مارکیٹ روڈز کی تعمیر پر خصوصی توجہ دی جائے۔

وزیراعلیٰ نے ڈیزائن، سٹینڈرڈز اور ٹیسٹنگ انسٹیٹیوٹ بنانے کی کی تجویز کا خیر مقدم کیا اور کہاکہ انسٹیٹیوٹ سے انڈسٹری کو بیرون ملک کی بجائے مقامی سطح پر ٹیسٹنگ کی سہولت میسر ہو گی۔ اربن یونٹ نے وزیر اعلیٰ کو انڈسٹری میپنگ پر بریفنگ دی،پنجاب میں دس لاکھ لیبر فورس مینو فریکچرنگ انڈسٹری میں ہے،

پنجاب میں لارج انڈسٹری صرف ایک فیصد اورٹیکسٹائل سیکٹر سب سے بڑا ہے،11258 یونٹس ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی مشیرپرویز رشید، صوبائی وزیراطلاعات عظمی زاہد بخاری، صوبائی وزیر صنعت وتجارت چوہدری شافع حسین،صوبائی وزیر زراعت سید محمد عاشق حسین، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹریز انڈسٹری، خزانہ، زراعت، سی ای او پی بی آئی ٹی،سی ای او اربن یونٹ و دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔