لاہور۔7مارچ (اے پی پی):وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلی مریم نواز صوبے کے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے انقلابی اقدامات کر رہی ہیں، اس سلسلہ میں جرنلسٹ سپورٹ فنڈ کی رقم دو گنا کر کے 5 کروڑ سے بڑھا کر 10 کروڑ روپے کر دی گئی ہے، مزید برآں23 صحافیوں کی بیٹیوں کی شادی اور 63 صحافیوں کے علاج و معالجے کے لیے فنڈز کے اجرا کی منظوری بھی دیدی گئی ہے۔
عظمی بخاری نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز صحافی برادری کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں،بہت جلد ہمت و ہیلتھ کارڈز کا اجرا مکمل کر دیا جائے گا تاکہ صحافیوں کو مزید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔وزیر اطلاعات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت صحافیوں کے مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔ اس ضمن میں جرنلسٹ سپورٹ فنڈ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا،جس کی صدارت وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کی۔
اجلاس میں 85 صحافیوں کے لیے سپورٹ فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ فنڈز کی کمی کے باعث باقی رہ جانے والی درخواستوں کو آئندہ سہ ماہی میں شامل کیا جائے گا۔ اجلاس میں ایڈیشنل انفارمیشن سیکرٹری محمد نواز گوندل، ڈپٹی سیکرٹری فنانس رافعہ قیوم، ڈی جی پی آر غلام صغیر شاہد اور صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔