وزیراعلی مریم نواز کا میو ہسپتال کا دورہ ،عوامی شکایات پر سی ای او، ایم ایس(سی او او) کوعہدے سے ہٹانے کا حکم

63
Maryam Nawaz
Maryam Nawaz

لاہور۔6مارچ (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے میو ہسپتال کے سی ای او، ایم ایس(سی او او) کو عوامی شکایات پر عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا، وزیراعلی مریم نواز نے میو ہسپتال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر مریضوں نے وزیراعلی کے سامنے ادویات نہ ملنے، گندگی اور دیگر امور کے بارے میں شکایات کے انبار لگا دیئے۔

مریم نواز نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے میوہسپتال انتظامیہ کی سخت سرزنش کی اور کہا کہ مخلوق رل رہی ہے،کوئی پوچھنے والا نہیں، کیا اللہ کو جواب نہیں دینا، میوہسپتال کے حالات بہت برے ہیں، لوگ ہسپتال میں علاج کی توقع اور امید لیکر آتے ہیں، کس وارڈ میں کیا ہو رہا ہے، ہسپتال انتظامیہ کو علم ہی نہیں۔ وزیراعلی مریم نوازنے کہا کہ جو عوام کے ساتھ ہورہا ہے،

ذمہ داروں کے اپنوں کے ساتھ ہو تو پتہ چلے، کسی کی بد انتظامی کی سزا عوام کو کیوں ملے، میو ہسپتال میں زیر علاج مریضوں اور لواحقین کی سرنج،برنولا وغیرہ تک نہ ملنے اور کارڈیالوجی وارڈ میں کیڑے مکوڑے پائے جانے ودیگر شکایات پر وزیراعلی نے مزید برہمی کا اظہار کیا، انتظارِ گاہ اور راستے میں کھڑے مریضوں اور لواحقین کی شکایات سنیں، ایک معصوم بچی نے بتایا کہ ماں بیمار ہے،

رات بھر دوائیوں کیلئے بھاگ بھاگ کرتھک گئی ہوں،معصوم بچی کی بات سن کر وزیراعلی مریم نواز نے میو ہسپتال انتظامیہ پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور دورہ کے دوران ہی میو ہسپتال میں ہنگامی اجلاس طلب کرلیا، میو ہسپتال کے امور کے بارے میں تفصیلی انکوائری کی اور تمام ذمہ داروں سے جواب طلب کیا۔ وزیراعلی مریم نواز نے میڈیسن کے واجباتِ کی ادائیگی کے لئے فوری اقدامات کا حکم دیا،

میو ہسپتال میں ادویات کی100 فیصد فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور سیکرٹری ہیلتھ کو ذمہ داروں کا تعین کرکے کارروائی کا حکم دے دیا۔ وزیراعلی نے میو ہسپتال کی تعمیر و مرمت کا جامع پلان طلب کر لیا، سٹور میں ادویات، سرنج،برنولا اور دیگر اشیاء کی فراہمی بھی چیک کرائی۔

وزیراعلی مریم نواز نے میو ہسپتال ایمرجنسی بلاک، آئی سی یو، کارڈیالوجی اور دیگر وارڈ زکا بھی جائزہ لیا، مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت اور جلد صحت یابی کی دعائیں کیں۔ وزیراعلی کو لوگ جگہ جگہ روک کر اپنے مسائل اور شکایات سے آگاہ کرتے رہے، وزیراعلی نے سٹاف کو موقع پر ازالے کی ہدایت کی۔

مریم نواز نے سندھ سے آئے میاں بیوی کی شکایت سنیں اور فوری ازالہ کا حکم دیا،گردے کے مرض میں مبتلا بچی کی ماں کی اپیل پر فوری ٹرانسپلانٹ کیلئے اقدامات کی ہدایت کی،گوجرانوالہ سے علاج کیلئے آنے والی زخمی خاتون کو گلے لگا کر تسلی دی اور بہترین علاج کی ہدایت کی۔ وزیراعلی مریم نواز نے زیر علاج مریضوں اور تیمارداروں سے علاج کے بارے میں مکمل تفصیلات دریافت اور وارڈز میں مریضوں کے علاج کے عمل کا مشاہدہ کیا، ہسپتال کے مختلف وارڈزمیں صفائی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور غیر تسلی بخش قراردیا۔