لاہور۔22جولائی (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں چکن اور پولٹری مصنوعات کے نرخوں میں مسلسل اضافے پر شدیدبرہمی کا اظہار کیا ہے ۔
پیر کے روز خصوصی اجلاس میں وزیراعلی نے چکن کی مصنوعی مہنگا ئی پرتشویش کا اظہار کیا اور چکن کی پرائس کا تعین کرنے کے لئے ریگولیٹری میکنزم تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چکن سب سے زیادہ استعمال ہونے والی اشیا خوردنی میں شامل ہے،مرغی کے ریٹ بڑھ گئے ذمہ دار ادارے کہاں ہیں؟چکن صوبہ بھر میں عوام کے زیادہ استعمال کی چیز ہے،ریٹ بڑھنا گوارا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولٹری والے بزنس کریں ، جائز منافع کمائیں لیکن عوام پر ناجائز بوجھ نہ ڈالیں۔مافیاز کو مہنگائی کی اجازت نہیں دے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کا نقصان نہیں چاہتے مگر کیا عوام کو مافیاز کے رحم و کرم پر چھوڑ دیں؟۔
مہنگائی کسی صورت قابل قبول نہیں،تمام متعلقہ ادارے فیلڈ میں مانیٹرنگ کریں۔ چکن کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر نہیں ہونی چاہئیں ، نرخ پر نظر رکھی جائے۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی زاہد بخاری،صوبائی وز را بلال یسین، عاشق حسین،ایم پی اے سلمی بٹ، پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال، سیکرٹریز، ڈی جی انڈسٹریز اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔