لاہور۔8اپریل (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ایل ڈی اے کی ری ویمپنگ کا آغازکر دیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی طاہر فاروق کی زیر صدارت پیر کے روز ایل ڈی اے انفورسمنٹ ونگ کی ری ویمپنگ بارے اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا کہ ایل ڈی اے انفورسمنٹ ونگ کو بہت جلد مکمل طور پر ری ویمپ کر دیا جائے گا۔ ایل ڈی اے یونیفارمڈ فورس بنے گی، مشینری اپ گریڈ جبکہ تکنیکی سامان مہیا کیا جائے گا۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ انفورسمنٹ ونگ کو گاڑیاں، موٹر سائیکل، ٹولز کٹ اور مشینری مہیا کی جا رہی ہے،ایل ڈی اے انفورسمنٹ ونگ میں اضافی عملہ بھی تعینات کر دیا گیا ہے جس میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے ایل ڈی اے انفورسمنٹ ونگ کا ٹائون شپ میں دفتر بھی اپ گریڈ کرنے کا حکم دے دیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ انفورسمنٹ ونگ کو مکمل فعال بنانے کے لیے تمام وسائل فوری فراہم کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے انفورسمنٹ فورس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل رابطہ رکھے، ہنگامی صورتحال میں بروقت رسپانس یقینی بنائے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈی جیز، چیف انجینئر ایل ڈی اے، چیف ٹائون پلانرز، چیف میٹرو پولیٹن پلاننگ، ڈائریکٹر انفورسمنٹ و متعلقہ افسران نے شرکت کی۔