وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز سے برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر کی ملاقات

61

لاہور۔11مئی (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز سے وزیراعلی آفس میں برطانیہ کے ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر نے ملاقات کی۔برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر نے حمزہ شہباز کوپنجاب کی وزارت اعلی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر نے وزیراعلی حمزہ شہبازسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت کے ساتھ تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہاکہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ اور سماجی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اوربرطانیہ ترقی وخوشحالی کے سفر میں اہم پارٹنر ہیں، پنجاب میں تعلیم،صحت،امن وامان اور دیگرسماجی شعبوں میں بہتری کیلئے برطانوی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں تعلیم، صحت،امن عامہ اور دیگر سماجی شعبوں کی ترقی کیلئے نتیجہ خیز حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ برطانیہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔ پاکستان کو درپیش چیلنجز کے حل کے لئے دن رات کام کررہے ہیں ، معاشرے میں انتہا پسندانہ رویے ترقی کے لئے زہر قاتل ہیں ،پاکستان کی ترقی کے لئے نئے جذبے او رعزم کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں ،پاکستان کو روشن خیال اور ترقی یافتہ ملک بنانا ہمارا مشن ہے۔

برطانوی وفد میں برطانیہ کے پنجاب میں نمائندے ایلکس بالنگر،پولیٹیکل ایڈوائزر طلال رضااور ڈویلپمنٹ ایڈوائزر ثنا ضیابھی شامل تھیں – چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹریز خزانہ، صنعت، سکول ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن و خوراک، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے-